2 روز ہ آئی ٹی کانفرنس ختم‘ ملکی وغیرملکی ماہرین کی شرکت
کراچی(اسٹاف رپورٹر)امریکی قونصل خانے کے تعاون سے کراچی میں ہونے والی دوروزہ آئی ٹی کانفرنس اختتام پذیر ہوگئی ہے ۔کانفرنس کا انعقاد نیسٹ آئی او نے کیا جو پاکستان کا سب سے بڑا انکیوبیٹر ہے۔کانفرنس میں کراچی میں تعینات امریکی قونصل جنرل گریس شیلٹن نے بھی خطاب کیا۔ہفتہ کو شروع ہونے والی دو روزہ کانفرنس ،جسے ’’زیرو ٹو ون ڈسرپٹ‘‘ کا نام دیا گیا، کانفرنس میں متعدد ملکی وغیر ملکی آئی ٹی ماہرین نے خطاب کیا جبکہ کانفرنس میں آئی ٹی کے شعبے سے وابستہ افراد کی ایک بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔شرکا ماہرین کی آراء سے بھرپور طریقے سے فیض یاب ہوئے۔ماہرین نے کہا کہ آئی ٹی، سوفٹ ویئر، کمپیوٹر، انٹرنیٹ اور گوگل کی جدت طرازیوں کی بدولت حالیہ برسوں میں ایک نئی دنیا تخلیق ہوئی ہے، اپنی تیز رفتاری، سہولت اور انتہائی مفید ہونے کے سبب اسے ملنے والی پذیرائی نے اسے ہر جگہ عام کردیا ہے، آئی ٹی کی یہ دنیا گلوبل ویلیج کو مزید مختصر کرگئی ہے۔ امریکی قونصل جنرل گریس شیلٹن نے اپنے خطاب میں کہا کہ میںپرامید ہوں کہ امریکی شرکا یہاں سرمایہ کاری میں اضافہ کریں گے، فیس بک، گوگل اور بہت سی معروف کمپنیاں کانفرنس میںتبادلہ خیال سے استفادہ کریںگی۔انہوں نے کہاکہ ایسی مفید کانفرنسز منعقد ہوتی رہنی چاہئیں، ان سے پاکستانی ماہرین کو دنیا بھر میں پھیلے لوگوں کے خیالات اور تجربات جاننے کا نادر موقع ملا ہے ۔