سی پیک : عدالت جانے میں عمران کا ہاتھ ہے ، ،چچااور بھتیجا ملکی ترقی کی راہ میں رکاوٹیں نہ ڈالیں: رانا تنویر
وفاقی وزیر دفاعی پیداوار اینڈ سائنس و ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری منصوبے کیخلاف خیبرپختونخواہ حکومت کا عدالت جانے کے پیچھے بھی عمران خان کا شیطانی دماغ کارفرما ہے،چچااور بھتیجا ملکی ترقی کی راہ میں رکاوٹیں نہ ڈالیں، بلاول اور عمران 2018ءکے عام انتخابات کا انتظار کریں،عمران خان نے پہلے ”دھاندلی دھاندلی“ کا واویلا کیا اور اب ”پانامہ پانامہ“ کا راگ الاپ کر ملکی ترقی کی راہ میں روڑے اٹکا رہے ہیں۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میں نواز شریف نے اسمبلی فلور پر بھی خود کو احتساب کے لیے پیش کیا اور عدالت کے ذریعے بھی پانامہ لیکس مسئلہ کو حل کرانے کی پیشکش کی مگردھاندلی دھاندلی اور پانامہ پانامہ کا شور مچا کر دھرنا دھرنا کھیلنے والوں نے نہ صرف قوم کے کئی ماہ ضائع کئے بلکہ ملک کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا اور اس کی ترقی روکنے کی کوشش کرتے رہے۔ وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ عمران خان اگر قومی کے حقیقی لیڈر بننے کے خواہش مند ہیں اور کلب بوائے بننے کے بجائے سنجیدگی کا مظاہرہ کریں۔انہوںنے کہاکہ عمران خان کسی نہ کسی طریقے سے اقتصادی راہداری منصوبے کو رکوانا چاہتے ہیں اور خیبرپختونخواہ کا عدالت میں جانا بھی عمران خان کے شیطانی دماغ کی کارستانی ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مخالفین کو آئندہ انتخابات میں بھی مسلم لیگ(ن)کی کامیابی نظر آ رہی ہے اس لیے وہ مہم جوئی کے ذریعے غیر جمہوری قوتوں کو بلانے کی ناکام کوششیں کر رہے ہیں۔ بلاول بھٹو اور اس کا چاچا ملک میں افراتفری کے بجائے عام انتخابات کا انتظار کریں اورعوا م کو اپنی کارکردگی دکھائیں۔ گڈانی حادثہ کے بارے میں رانا تنویر حسین نے کہا کہ اس کی تحقیقات مکمل کر لی گئی ہیں جن کی رپورٹ آئندہ ہفتے وزیر اعظم کو پیش کر دی جائے گی اور ذمہ دار افراد کو سخت سزا دی جائے گی تا کہ آئندہ اس قسم کے حادثات کی روک تھام ہو سکے۔ انہوں نے ضلع شیخوپورہ کے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے کہا کہ مخصوص نشستوں پر ان کے نامزد امیدوار ہی کامیابی حاصل کریں گے جبکہ چیئر مین کے انتخابات میں رانا احمد عتیق انور بھاری اکثریت سے کامیاب ہو ں گے۔ اجلاس کے دوران رانا تنویر حسین اور بلال ورک گروپ نے 61چیئر مینوں کی موجودگی کا دعوی کی اور مزید ووٹروں کی حمائت کا یقین دلایا۔