وفاقی حکومت کی جانب سے ملک بھر میں جاری ترقیاتی کاموں کے لئے ایک کھرب 51 ارب سے زائد کی رقم جاری
وفاقی حکومت کی جانب سے سرگودھا سمیت ملک بھر میں جاری ترقیاتی کاموں کے لئے ایک کھرب 51 ارب سے زائد کی رقم جاری کر دی ہے، وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے حکم پر چاروں صوبائی حکومتوں اور گلگت بلتستان کو وفاقی بجٹ 2016-17 میں شامل تمام سکیموں کو اپنی مقررہ مدت تک مکمل کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں، اس ضمن میں تمام صوبائی حکومتوں کو حکم دیا ہے کہ وہ اپنے اپنے صوبوں میں ہونے والے ترقیاتی منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کروانے کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دیں، وفاقی حکومت کی جانب سے رواں سال ایک کھرب 51 ارب کے قریب فنڈ جاری کیے جا چکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے یہ رقم جاری کر دی گئی ہے جبکہ 10 ارب، 90 کروڑ روپے کے قریب غیر ملکی امداد بھی اس میں شامل ہے جس سے متعدد منصوبہ جات مکمل کیے جائیں گے، جن میں سے6کھرب 56ارب 68 کروڑ 24لاکھ 31ہزار غیر ملکی ممالک سے ملے ہیں، جبکہ 1 کھرب 43ارب 31 کروڑ 75لاکھ 69ہزارروپے کی غیرملکی فنڈنگ ہے۔منصوبہ بندی کمیشن کے مطابق عارضی طور پر بے گھر افراد کی بحالی کے لیے 42ارب 56کروڑ 20لاکھ 23 ہزار، نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے تحت مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لیے19 ارب، پاکستان ریلوے کی ترقی کے لیے 9ارب 39کروڑ80لاکھ روپے، واپڈا (بجلی) کے لیے 6ا رب 80کروڑ، پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن کے مختلف منصوبوں کے لیے 6ارب 33کروڑ 72لاکھ 18 ہزار اورنیشنل ہیلتھ سروسز کے لیے5ارب 50کروڑ 73لاکھ روپے جاری کیے گئے، وفاقی حکومت کی جانب سے تمام صوبائی حکومتوں کو رقم کی ادائیگی کے متعلق آگاہ بھی کر دیا گیا ہے جس سے وہ اپنے اپنے صوبوں میں وفاقی بجٹ 2016-17 کی سکیموں کو مکمل کروائیں گے۔