متناسب نمائندگی کا انتخابی نظام شروع کیاجائے، رحمت وردگ

06 نومبر 2016

لاہور( اسٹاف رپورٹر ) تحریک استقلال کے مرکزی صدر رحمت خان وردگ نے کہا کہ ملک میں شفاف اور متناسب نمائندگی کا انتخابی نظام شروع کیا جائے اس نظام سے پارٹی کے ورکرز بھی الیکشن میں حصہ لے سکیں گے۔متناسب نمائندگی کے انتخابی نظام سے متوسط طبقات اور پڑھے لکھے نوجوانوں کو مواقع ملیں گے۔ اس نظام سے ملک کے موجودہ فرسودہ انتخابات سے جو کروڑوں روپے اُمید وار خرچ کرتا ہے اُس کی نفی ہو جائے گی، کیونکہ پیسوں کے زور پر جو بھی حکمران منتخب ہو ں وہ کبھی بھی ملک اور قوم کی خدمت نہیں کر سکے گا۔ یہ باتیں انہوں نے تحریک استقلال پنجاب کے چیف آرگنائزر طارق محمود بُٹر سے ملاقات کے دوران کہیں۔انہوں نے کہا کہ متناسب نمائندگی کے نظام سے پارٹی قیادت اورپارٹی منشور پرصوبوں اور مرکزمیں ووٹ ملے گا۔ پارٹی کا ووٹ مرکز اور صوبے کی سطح پر پارٹی کی نمائندگی کی شرح کا تعین کرے گا۔ صوبائی سیٹ 30ہزار اور ایم ۔این ۔ اے کی سیٹ 60ہزار ووٹوں پر رکھی جائے ۔ سینیٹ کی نشستوں کی تعداد صوبوں میں دُگنی کر دی جائے اس طرح سے تمام جماعتوں کو مرکز اور صوبے میں نمائندگی ملے گی، اور کوئی ووٹ ضائع نہیں ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ جاگیر داروں اور سرمایہ داروں کی پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں میں اکثریت کم ہو جائے گی۔