بھارتی جنگی جنون: جاپان سے 10 ہزار کروڑ کے جدید طیارے خریدے گا

06 نومبر 2016

نئی دلی (نیوز ایجنسیاں) بھارت نے جاپان سے 10 ہزار کروڑ روپے مالیت کے جدید ترین طیارے خریدنے کا فیصلہ کر لیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق نریندر مودی اگلے ہفتے جاپان کا دورہ کریں گے جس میں دونوں ممالک کے درمیان سول نیوکلیئر کوآپریشن کے معاہدے پر دستخط کئے جائیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت اس دورے میں جاپان سے جدید نوعیت کے ایک درجن یو ایس ٹو آئی طیارے خریدنے کا معاہدہ بھی کرے گا۔بھارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ دو روز بعد وزیر دفاع منوہر پاریکر کی زیر صدارت ڈیفنس ایکویزیشنز کونسل (ڈی اے سی)کا اجلاس ہو گا جس میں 12طیارے خریدنے کےلئے مفاہمتی یادداشت کے معاملات طے کئے جائیں گے۔ پانی کی سطح اور خشکی پر اترنے اور پرواز کرنے کے قابل، ایسے 6 طیارے بھارتی بحریہ اور 6 کوسٹ گارڈز کو فراہم کئے جائیں گے۔ایسا طیارہ جو پانی اور خشکی دونوں سے پرواز کرنے اور اترنے کی صلاحیت رکھتا ہو اسے جل تھلیہ (ایمفی بیئس)طیارہ بھی کہا جاتا ہے۔ عام طور پر یو ایس ٹو آئی طیاروں کو سرچ اور ریسکیو آپریشن کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ طیارے کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں 30 مسلح سپاہیوں کو فوری طور پر ریڈ زون میں اتارنے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔