ملک میں سنی شیعہ کا کوئی جھگڑا نہیں ، مخالفین کو شکست دینگے : مسعود الحسن
جھنگ(نامہ نگار)پی پی 78کے ضمنی انتخابات میں مخالفین کو شکست دیں گے ۔شیعہ علماءکونسل جھنگ کے ضلعی صدر سید مسعود الحسن ترمذی نے کہا کہ ملک میں سنی شیعہ کا کوئی جھگڑا نہیں ہے نیشنل ایکشن پلان کے تحت فورتھ شیڈول عناصر کو انتخاب لڑنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے سنی شیعہ اتحاد پہلے بھی ایسے عناصر جو ملکی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں انہیں مل کر شکست دے چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل کرتے ہوئے فورتھ شیڈول میں شامل افراد کو قومی و صوبائی اسمبلی کے انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے سید مسعود الحسن ترمذی کا مزید کہنا تھا کہ پی پی78اور این اے89کے حلقوں میں ملت جعفریہ کا ایک فیصلہ کن ووٹ ہے قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کے حکم پر قومی پلیٹ فارم سے حمایت یافتہ امیدوار کو ہی ووٹ کاسٹ ہوتا ہے ماضی اس بات کا گواہ ہے کہ شیعہ علماءکونسل کا حمایت یافتہ امیدوار ہی کامیاب ہوا ہے اور قومی و صوبائی اسمبلی میں پہنچا ہے۔ضمنی انتخابات میں بھی قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی کے حکم و اعلان پر ہمارا حمایت یافتہ امیدوار ہی ایک بار پھر صوبائی اسمبلی میں جائے گا۔جھنگ کے ضمنی انتخاب پر گہری نظر ہے ہم کسی بھی صورت میں اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کریں گے اور شیعہ علماءکونسل جھنگ کی سیاست میں فیصلہ کن کردار ادا کرتے ہوئے مخالفین کو شکست سے دو چار کرے گی۔