بھارتی ہٹ دھرمی سے خطے میں امن کی صورتحال خراب ہو جائیگی: انور عزیز چوہدری

06 نومبر 2016

شکرگڑھ(نامہ نگار) بھارتی ہٹ دھرمی جاری رہی تو خطے میں امن و امان کی صورتحال خراب ہو جائے گی،نہتے شہریوں پر گولہ باری بزدلی ہے،پاک فوج ملکی سرحدوں اور قوم کی محافظ ہے،بھارتی جانتے ہیں کہ کسی بھی کاروائی کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی،یہ بات سابق وفاقی وزیر انور عزیز چوہدری نے ورکنگ باﺅنڈری پر بھارتی گولہ باری سے متاثرہ دیہات اور ریلیف سینٹروں اڈہ ڈوگر،سنگراں ،اور چھمال کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی،انہوں نے کہا کہ سرحدی دیہات کے مکینوں کے بلند حوصلے دیکھ کر میرا سینہ فخر سے چوڑا ہو گیا ہے،بے سرو سامانی کے عالم میں وطن کی محبت سے سرشار مصیبتیں اٹھاتے یہ لوگ پاکستان کے حقیقی ہیرو ہیں۔ انتظامیہ متاثرین کی مدد اور سہولتوں کی فراہمی میں زیادہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرے،متاثرین انتظامیہ کے اقدامات اور سہولتوں کی فراہمی کے متعلق شکوہ کناں ہیں،انتظامیہ کے اہلکاروں کی جانب سے فرائض میں غفلت کی اطلاعات بھی ملی ہیں جس پر ڈی سی اور نارووال اور دیگر انتظامی مشینری کو اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے تاکہ آئندہ ایسی صورتحال میں بہتر بندوبست سے متاثرین کی مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔