پانامہ لیکس کی تحقیقات کیلئے کمیشن کے قیام کیخلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر
اسلام آباد(صباح نیوز)سپریم کورٹ میں پانامہ لیکس کی تحقیقات کے لئے کمشن بنانے کے خلاف درخواست دائر کرا دی گئی ہے۔ سپریم کورٹ میں بیرسٹر ظفراللہ خان کی جانب سے پانامہ لیکس کی تحقیقات کے لئے کمشن بنانے کے خلاف درخواست دائرکرائی گئی۔ درخواست میں موقف اختیارکیا گیا چیف جسٹس کمشن بنانے کی حکومتی درخواست پہلے ہی رد کرچکے ہیں۔ چیف جسٹس نے حکومت کو معاملے کی تحقیقات کے لئے قانون سازی کی تجویز دی تھی۔ انکوائری کمشن بل 2016پارلیمنٹ میں زیر التوا ہے تو ایسے میں عدالت پارلیمنٹ کے اختیار میں مداخلت کیسے کر سکتی ہے۔درخواست گزارکی جانب سے موقف اختیار کیا گیا پارلیمنٹ تمام اداروں کی ماں ہے اور عدالتیں بھی پارلیمنٹ کے قوانین پر عمل درآمد کی پابند ہیں، عدالت معاملہ کی تحقیقات کے لیے ٹی او آر بنانے کی مجاز نہیں۔ بیرسٹر ظفر اللہ نے کہا کسی سیاسی خاندان کا تنازع عدالت کا اختیار سماعت نہیں ہے جب کہ کوئی بھی مخالف اس طرح عدلیہ کو سیاسی انتقام کے لیے استعمال کر سکتا ہے۔