اسلام آباد دھرنا کے سلسلے میں گرفتار ہونیوالے کھلاڑی پارٹی کے ماتھے کا جھومر ہیں: ڈاکٹر خالد خاکوانی

06 نومبر 2016

ملتان (نامہ نگار خصوصی) چیئرمین عمران خان کی کال پر اسلام آباد لاک ڈائون کرنے کے سلسلے میں گرفتار ہونے والے کھلاڑی پارٹی کے ماتھے کا جھومر ہیں جنہوں نے اپنے جنون کا مظاہرہ کر کے ثابت کر دیا ہے کہ وہ اپنے قائد کی کسی بھی کال پر ہر قسم کی قربانی دینے کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار تحریک انصاف ملتان شہر کے صدر ڈاکٹر خالد خان خاکوانی نے اپنی رہائش گاہ پر ’’اسیران احتساب‘‘ کے اعزاز میں دیئے جانے والے استقبالیہ سے خطاب میں کیا۔ استقبالیہ تقریب میں ظہیر الدین خان علیزئی، میجر مجیب احمد خان، ندیم قریشی، اعظم خاکوانی، چودھری خالد جاوید وڑائچ، اشرف ناصر خان، محمد سلیم بخاری، مرزا شاہ رخ بیگ نے شرکت کی جبکہ اختتام پر گرفتار ہونے والے ایم پی اے جاوید اختر انصاری، میاں طارق عبداللہ، شاہد محمود خان، قربان فاطمہ، میاں فاروق، شیخ طاہر، یاسر خان، محمد شیراز شاہ، چودھری احسان، چودھری فیاض علی، محمد ارشد مغل، چودھری محمود علی و دیگر کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے۔ تقریب کے اختتام پر میاں فاروق کو سیکرٹری فنانس، محمد یوسف قریشی کو صدر یوتھ ونگ سٹی اور شعیب آہیر کو جنرل سیکرٹری یوتھ ونگ نامزد کیا گیا اور انہیں تقرر نامے بھی دیئے گئے۔