منیجنگ ڈائریکٹر واسا نے میٹرو بس روٹ پر گٹروں بوسن روڈ پر واٹر سپلائی لائن کی مرمت کا کام 24 گھنٹے کے اندر مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دیدی

06 نومبر 2016

ملتان (خبر نگار خصوصی) منیجنگ ڈائریکٹر واسا رائو محمد قاسم نے میٹرو بس روٹ پر سیوریج اور واٹر سپلائی سے متعلق تمام شکایات ہنگامی بنیادوں پر دور کرنے کا حکم دے دیا ہے انہوں نے سیوریج اور واٹر سپلائی آفیسران ، سٹاف کی آج اتوار کی چھٹی بھی منسوخ کردی ہے۔ جبکہ میٹرو بس روٹ پر گٹروں کی مرمت اور بوسن روڈ پر واٹر سپلائی لائن کی مرمت کا کام ( 24) گھنٹے کے اندر مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دے دی ہے وہ گزشتہ روز میٹرو بس روٹ پر سیوریج اور واٹر سپلائی کی تنصیبات کا معائنہ اور پھٹنے والی واٹر سپلائی لائن کے مرمت کے کاموں کا جائزہ لے رہے تھے ۔ انہوں نے بوسن روڈ ٹویوٹا موٹرز کے قریب (12) انچ کی واٹر سپلائی لائن کی مرمت کے کاموں کا بھی جائزہ لیا ۔ ایس ڈی او رانا اصغر حمید نے منیجنگ ڈائریکٹر کو بتایا کہ (12) انچ کی واٹر سپلائی لائن پھٹ چکی ہے اور (10) فٹ گہرائی پر (13) فٹ لمبائی کا ایک پائپ تبدیل کیا جائے گا جس پر منیجنگ ڈائریکٹر نے واٹر سپلائی لائن کی مرمت کا کام مسلسل جاری رکھنے اور (24) گھنٹے کے اندر مرمت کا کام مکمل کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔