گوانتاناموبے کے 8افغان قیدیوں پر عائد الزامات جھوٹے ہیں: تحقیقاتی گروپ

06 نومبر 2016
گوانتاناموبے کے 8افغان قیدیوں پر عائد الزامات جھوٹے ہیں: تحقیقاتی گروپ

واشنگٹن (اے پی پی) افغانستان میں قائم ایک آزاد تحقیقی گروپ نے کہا ہے کہ کیوبا میں امریکی حراستی مرکز گوانتانامو بے میں برسوں سے قید آٹھ افغان باشندوں کے خلاف کوئی مصدقہ شواہد موجود نہیں ہیں اور انہیں عجیب و غریب اور مبالغہ آمیز الزامات کی بنا پر حراست میں رکھا جا رہا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق آزاد تحقیقاتی گروپ کی جاری ہونے والی یہ رپورٹ امریکی فوج اور عدالت کی ان دستاویزات پر مبنی ہے جو کھلے عام دستیاب ہیں۔ افغانستان کے تجزیاتی نیٹ ورک اے اے این نے کہا ہے کہ اس نے اپنی توجہ متنازع جیل میں طویل ترین عرصے سے قید ایک افغان قیدی پر مرکوز رکھی جو 11 ستمبر 2001 کے حملوں کے بعد گذشتہ 15 سال سے جیل میں ہے۔رپورٹ کے مطابق یہ قیدی ان تین افراد میں شامل ہے جنہیں امریکی حکام نے آزاد کرنے کے بعد اگست میں متحدہ عرب امارات منتقل کر دیا تھا، لیکن ان کی نقل و حرکت پر ابھی تک پابندی عائد ہے۔رہا کیے جانے والے یہ قیدی ان 16 افراد میں شامل تھے جن میں سے 13 پر قید کے پورے عرصے کے دوران کبھی کوئی الزام عائد نہیں کیا گیا۔ رپورٹ میں ان قیدیوں کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ امریکی فوج نے جن دستاویزات کو استعمال کیا ہے ان میں تاریخوں، مقامات اور گروہوں کے لحاظ سے بے شمار غلطیاں موجود ہیں۔
تحقیقاتی گروپ