پانامہ لیکس : عدلیہ بغیر دبائو کے کرپٹ افراد کا احتساب کرے: ثروت قادری

06 نومبر 2016

لاہور ( سپیشل رپورٹر) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ عوام پانامہ لیکس کیس کے جلد فیصلے کی توقع کر رہے ہیں پانامہ لیکس پر پوری قوم عدلیہ پر نظریں جمائے ہوئے ہے، فیصلہ آئین وقانون کی بالادستی میں اہم پیش رفت ہوگا ،عدلیہ بغیر کسی دبائو کے پانامہ لیکس میں ملوث افراد کے احتساب کو یقینی بنائے ،کرپشن کا خاتمہ ملک کی ترقی کے پہیئے کو تیز کریگا ،ملک کی دولت لوٹنے والوں نے غریب عوام سے دو وقت کی روٹی بھی چھین لی ہے ،معاشی بہتری کا دعوی کرنیوالے یہ کیوں بھول جاتے ہیں کہ آج بھی 8کروڑ سے زائد مظلوم غریب عوام غربت کی لکیر سے نیچے کی زندگی گذار رہے ہیں ،احتساب کے اداروں نے عوام کو مایوس کیا ہے ،کروڑوں روپے قرض لینے والوں کے قرض معاف اور لاکھ دولاکھ کی رقم قرض لینے والوں کو معافی کی بجائے سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا جاتا ہے۔