کرپشن کیخلاف عدلیہ بحالی انداز میں بڑی تحریک چلائیں گے: صدر سپریم کورٹ بار

06 نومبر 2016

کراچی (وقائع نگار) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے نو منتخب صدر رشید اے رضوی نے کہا ہے کہ کرپشن ملک کا سب سے بڑا مسئلہ ہے، انہوں نے عدلیہ بحالی تحریک کے انداز میں کرپشن کیخلاف سول سوسائٹی، صحافیوں اور مزدوروں کے ساتھ مل کر بڑی تحریک شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ پانامہ پیپرز کمیشن کو اسی معاملے تک محدود رہنا چاہئے ورنہ اس کا فیصلہ برسوں تک نہیں آئے گا،عدلیہ اس وقت آزاد ہو گی جب عام آدمی کو عدالتوں سے انصاف اور ریلیف ملے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب میں کیا۔ رشید اے رضوی نے کہا کہ عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے حکومتیں اور ادارے کچھ نہیں کرتے ، بڑے منصوبے اور پراجیکٹ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں کیوں کہ اس سے انہیں بڑے کمیشن مل جاتے ہیں۔ صدر، وزیر اعظم، جج، صحافی کسی کیخلاف کچھ بھی لکھ دیا جائے کوئی فرق نہیں پڑتا لیکن صرف ایک خبر سے ملکی سلامتی اور ملک خطرے میں پڑ جاتا ہے ۔ میں ایک عام آدمی ہوں اور عام آدمی کیلئے ہر فورم پر جدوجہد کروں گا۔ ملک میں تعلیمی اداروں، ہسپتالوں کا برا حال ہے لیکن کوئی حکومت کچھ نہیں کرتی۔ کوئٹہ کے سانحے میں ہلاکتوں کی تعداد صرف اس لئے بڑھی کہ بنیادی سہولیات ہی موجود نہیں تھیں۔ ریٹائرڈ جج اور جنرلز کا ایک مائنڈ سیٹ ہوتا ہے ، انہیں نہ سیاست میں آنا چاہیئے اور نہ حکومت کا حصہ بننا چاہیئے ۔