ٹیوٹا کے ماسٹر ٹرینرز کو جدید تربیت کیلئے جرمنی بھیجا جائیگا: عرفان قیصر، پیکا سے معاہدہ طے

06 نومبر 2016

لاہور (پ ر) ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی پیکا توانائی ڈیپارٹمنٹ حکومت پنجاب کے تعاون سے 12 ماسٹر ٹرینرز کو سولر پی وی ٹیکنالوجی میں 45 روزوہ ایڈوانس تربیت حاصل کرنے کیلئے جرمنی بھجوائے گی اس سلسلے میں ٹیوٹا اور پیکا کے مابین باقاعدہ معاہدہ طے پا گیا جس پرچیف آپریٹنگ آفیسر ٹیوٹا جواد احمد قریشی اور منیجنگ ڈائریکٹر پیکا محمد قاسم کھوکھر نے دستخط کر دیئے اس موقع پر چیئرپرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ سیکرٹری انرجی اسد رحمان گیلانی ٹیوٹا افسران اختر عباس بھروانہ عامر عزیز اظہر اقبال شاد عمر فاروق عائشہ قاضی وحید اصغر سرفراز انور اور دیگر بھی موجود تھے۔ عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ ٹیوٹا کے ماسٹر ٹرینرز کو ہیسن انسٹی ٹیوٹ جرمنی میں جدید تربیت حاصل کرنے کیلئے آئندہ ماہ بھیجا جائے گا ماسٹر ٹرینرز کی بیرون ملک تربیت کیلئے پیکا اخراجات برداشت کرے گی۔