پانامہ لیکس: وزیراعظم کو نااہل ہوتا، پیپلز پارٹی کو عدالت میں آتا دیکھ رہا ہوں: شیخ رشید
اسلام آباد (نیٹ نیوز) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ پانامہ کیس میں وہ وزیراعظم کو نااہل ہوتا اور پیپلز پارٹی کو بھی عدالت میں اپوزیشن جماعتوں میں شامل ہوتا دیکھ رہے ہیں۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ عدالت کو دو تین دن میں جتنا دیکھا وہ آئین اور قانون کے مطابق فیصلہ دیتے دکھائی دے رہی ہے۔ اس صورتحال کو بھانپتے ہوئے شاید پیپلز پارٹی بھی حکومت مخالف جماعتوں کے ساتھ شامل ہوجائے۔ کیپٹن (ر) صفدر کے بیان میں مریم نواز کی بیرون ملک کمپنیوں کی تردید سے متعلق سوال کے جواب میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ یقیناً کوئی حکمت عملی ہوگی، پتہ نہیں مریم نواز بھی ملک چھوڑ چکی ہوں گی یا ممکن ہو کہ یہیں ہوں لیکن میرے خیال میں وہ پاکستان میں نہیں۔ ایک بات واضح ہے کہ 2013ءکے گوشواروں میں وزیراعظم نے لکھ کردیا تھا کہ بیٹی ان کی زیرکفالت ہے، شاید 2 کروڑ کی زمین اسکی ہے۔ یوسف رضا گیلانی کا کیس سب کے سامنے ہے۔ اثاثے چھپانے کے الزام میں 12 لوگ نااہل ہوئے ہیں۔ ایک خاتون صرف اس وجہ سے نااہل ہوئی کہ اس نے شوہر کے پٹرول پمپ کی آمدن نہیں بتائی۔