راہداری نے تعلقات کو نئی وسعت دی: شہباز شریف ، پنجاب سپیڈ کا ذکر چین میں ہر جگہ سنا: چینی وفد

06 نومبر 2016
راہداری نے تعلقات کو نئی وسعت دی: شہباز شریف ، پنجاب سپیڈ کا ذکر چین میں ہر جگہ سنا: چینی وفد

لاہور(خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ شہبازشریف سے چینی سرمایہ کارکمپنیوں کے سربراہ کے وفد نے ملاقات کی اور توانائی ،انفراسٹرکچر،ٹرانسپورٹ ،رئیل اسٹیٹ اوردیگر شعبوں میں3ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ۔ چینی سرمایہ کاروں نے پنجاب میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کااظہارکیا۔ چینی وفد کی سربراہ چائنہ ہوارنگ انٹرنیشنل ہولڈنگز لمیٹڈ کی نائب صدر چینگ یان نے کہا کہ پاکستان خصوصاً پنجاب میں 3ارب ڈالر کے علاوہ بھی سرمایہ کاری کریں گے۔ انہوںنے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی ’’پنجاب سپیڈ ‘‘کا تذکرہ چین میں ہر جگہ سنا ہے اورہم اسی پنجاب سپیڈ سے متاثر ہوکر یہاں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں ۔ ہم ’’پنجاب سپیڈ‘‘ کی طرح صوبے میں تیزرفتاری سے سرمایہ کاری کریں گے۔ شہبازشریف نے تیزی سے منصوبے مکمل کر کے ’’شینزن سپیڈ‘‘کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے ۔ چینی قونصل جنرل یوبورن نے کہا کہ پنجاب حکومت نے سرمایہ کاروں کیلئے بہترین ماحول فراہم کیا ہے محمد شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان اورچین کی دوستی پوری دنیا کے لئے ایک مثال بن چکی ہے اورچائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور میں دونوں ملکوں کے معاشی تعلقات کو نئی وسعت دی ہے ۔لاہور اورنج لائن میٹروٹرین کا منصوبہ چین کے صدر اور وزیراعظم کا پاکستان کیلئے ایک عظیم تحفہ ہے ۔چین کے صدر کا ’’ون بیلٹ ون روڈ‘‘کا ویژن خطے میں خوشحالی اورترقی کا ویژن ہے ۔انہوںنے کہا کہ سی پیک کی بدولت سرمایہ کاروں کو نئے مواقع ملے ہیں ۔ چین کے متعدد سرمایہ کار پاکستان خصوصا ً پنجاب میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقعوں سے فائدہ اٹھا رہے ہیں ۔وزیراعلیٰ نے چینی سرمایہ کاروںاور پنجاب حکومت کی مشترکہ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ کمیٹی چینی سرمایہ کاروںکی سرمایہ کاری کو عملی شکل دینے کیلئے 14روز میں حتمی سفارشات پیش کرے گی۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے ترقیاتی منصوبوں میں معیار، رفتار اور شفافیت کی گواہی عوام اور عالمی ادارے دے رہے ہیں اور آج کئی منصوبے خصوصاً انرجی پراجیکٹس انتہائی تیزی سے مکمل ہونے جا رہے ہیں جن کی تکمیل سے 20 کروڑ عوام کو فائدہ پہنچے گا۔ تیز رفتار ترقی اور عوام کی خوشحالی کے پروگرام دھرنا گروپ کو ہضم نہیں ہو رہے۔ پاکستان کے باشعور عوام نے ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے مخالف بعض سیاسی عناصر کی منفی سیاست کا دھڑن تختہ کردیا ہے۔ شہبازشریف نے ترکی کے شہردیار بکر میں دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔