بلاول کی پرورش کرپشن کے پیسے سے ہوئی، کرپشن کیخلاف کیا جنگ لڑیں گے: اعجاز چودھری

06 نومبر 2016

لاہور (سپیشل رپورٹر) تحریک انصاف پنجاب کے سابق صدر اعجاز احمد چودھری نے کہا ہے کہ قوم بلاول سے سوال کرتی ہے کہ کبھی انہوں نے اپنے والد کی کرپشن اور ملک لوٹنے کی داستانوں کا مطالبہ کیا ہے؟ بے بی کے والد کے دور میں پاکستان کرپشن میں نمبر ون ملک بن چکا تھا۔ اسے اس بات کو یاد رکھنا ہو گا۔ ان کی پرورش کرپشن کے پیسے والی دولت سے ہوئی ہے۔ کرپشن بلاول کو وراثت میں ملی ہے وہ کرپشن کے خلاف کیا جنگ لڑیں گے۔ پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمودالرشید نے کہا ہے کہ ٹیکس چور، منی لانڈرنگ کرنے والا ملک کا وزیراعظم نہیں ہو سکتا۔ عمران خان نے کسی کی  پگڑی نہیں اچھالی حکمرانوں کی کرپشن کو بے نقاب کیا ہے۔ چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ حکمران سن لیں کرپشن کرنے والوں کو قوم اپنا لیڈر نہیں مانتی۔ ان کو پانامہ لیکس کا حساب دینا ہی پڑے گا۔ کرپشن کرنے والوں کو خود کو قوم کا لیڈر کہنے کا بھی کوئی حق نہیں۔