پنجاب سپیڈ سے متاثر ہوکر چینی کمپنیوں کا 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان

06 نومبر 2016

لاہور (صباح نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے چین کی سرمایہ کارکمپنیوں کے سربراہان کے وفد نے ملاقات کی اور چینی سرمایہ کاروں نے توانائی ،انفراسٹرکچر،ٹرانسپورٹ ،رئیل اسٹیٹ اوردیگر شعبوں میں3ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ۔چینی سرمایہ کاروں نے پنجاب میں توانائی، انفراسٹرکچر، ٹرانسپورٹ ، رئیل اسٹیٹ ،مائننگ ا وردیگر شعبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کااظہارکیا۔چینی وفد کی سربراہ چائنہ ہوارنگ انٹرنیشنل ہولڈنگز لمیٹڈ کی نائب صدر چینگ یان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خصوصاً پنجاب میں 3ارب ڈالر کے علاوہ بھی سرمایہ کاری کریں گے۔انہوںنے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی ’’پنجاب سپیڈ ‘‘کا تذکرہ چین میں ہر جگہ سنا ہے اورہم اسی پنجاب سپیڈ سے متاثر ہوکر یہاں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ ہم ’’پنجاب سپیڈ‘‘ کی طرح صوبے میں تیزرفتاری سے سرمایہ کاری کریں گے۔انہوںنے کہا کہ شہبازشریف نے تیزی سے منصوبے مکمل کر کے ’’شینزن سپیڈ‘‘کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے ۔چینی قونصل جنرل یوبورن نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف کی ولولہ انگیز قیادت میں پنجاب حکومت نے سرمایہ کاروں کیلئے بہترین ماحول فراہم کیا ہے اورصوبے میں انفراسٹرکچر،ٹرانسپورٹ اورتوانائی کے منصوبے برق رفتاری سے مکمل کیے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ میں 2برس سے لاہور میں متعین ہوں ،میں نے اپنی آنکھوں سے وزیراعلیٰ کی قیادت میں پنجاب حکومت کی تیزرفتار کامیابیاں دیکھی ہیں ۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اورچین کی دوستی پوری دنیا کے لئے ایک مثال بن چکی ہے اورچائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور میں دونوں ملکوں کے معاشی تعلقات کو نئی وسعت دی ہے ۔سی پیک کے تحت پنجاب سمیت پورے پاکستان میں توانائی اوردیگر منصوبوں میں پر دن رات کام ہوہا ہے ۔انہوںنے کہا کہ لاہور اورنج لائن میٹروٹرین کا منصوبہ چین کے صدر اور وزیراعظم کا پاکستان کیلئے ایک عظیم تحفہ ہے ۔چین کے صدر کا ’’ون بلٹ ون روڈ‘‘کا ویژن خطے میں خوشحالی اورترقی کا ویژن ہے ۔انہوںنے کہا کہ سی پیک کی بدولت سرمایہ کاروں کو نئے مواقع ملے ہیں ۔ چین کے متعدد سرمایہ کار پاکستان خصوصا ً پنجاب میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقعوں سے فائدہ اٹھا رہے ہیں ۔وزیراعلیٰ نے چینی سرمایہ کاروںاور پنجاب حکومت کی مشترکہ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ کمیٹی چینی سرمایہ کاروںکی سرمایہ کاری کو عملی شکل دینے کیلئے 14روز میں حتمی سفارشات پیش کرے گی۔
شہبازشریف