مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم میں تیزی2 نوجوان شہید جنازے پر شیلنگ 50 سے زائد افراد زخمی

06 نومبر 2016

سرینگر (آئی این پی+ اے این این+ کے پی آئی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج اور پولیس کے مظالم میں تیزی آگئی ہے، وادی میں کرفیو کو 120 دن گزر چکے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں تعینات فورسز کے تشدد سے شہید ہونے والے نوجوان کے جنازے پر شیلنگ سے 2 خواتین سمیت 50 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ اطلاعات کے مطابق شالیمار کا 16 سال کا قیصر صوفی لاپتہ ہونے کے ایک دن بعد بے ہوشی کی حالت میں سڑک سے ملا تھا، اسے ہسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ دم توڑ گیا۔ صوفی کے گھر والوں کا کہنا تھا اس پر تشدد کرنے کے ساتھ ساتھ زہر دیا گیا ہے۔ اہل خانہ نے احتجاج کیا ہے۔ قیصر صوفی کی تدفین کیلئے اہل خانہ اور شہری شہدا قبرستان جا رہے تھے کہ قابض فورسز نے ہوائی فائرنگ کی اور آنسو گیس کے شیل پھینکے جس سے 50 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ جنازے کے دوران آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔ سونہ وار میں بھارتی فوج کی ایک اور بزدلانہ کارروائی کی گئی۔ جامع مسجد کو تالا لگاکر پیش امام کو گرفتار کرلیا۔ واقعہ کے خلاف شہریوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مشتعل نوجوانوں نے بھارتی فوج کی چار گاڑیوں کو آ گ لگا دی۔ پتھراﺅ سے 10 اہلکار زخمی ہوگئے۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کےلئے لاٹھی چار ج کیا اور پیلٹ گن کا سہارا لیا۔ 20 سے زائد نوجوانوں کو حراست میں لے لیا گیا۔چیئرمین حریت کانفرنس سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ جمہوریت کا راگ الاپنے والوں کو انسانی معاشرے میں تفریق کسی صورت زیب نہیں دیتی ¾ بھارتی حکمران ہر اوچھا ہتھکنڈا اختیار کرکے کشمیر پر اپنا قبضہ برقراررکھنا چاہتے ہیں لیکن وہ کشمیریوں کے دل کبھی نہیں جیت سکتے۔چیئرمین حریت کانفرنس میر واعظ عمر فاروق نے کشمیر کی سب سے بڑی عبادت گاہ مرکزی جامع مسجد میں ریاستی انتظامیہ کی جانب سے نماز ادا نہ کرنے دینے کے خلاف برہمی کا اظہار کرتے ہوئے حکمرانوں کے اس طرز عمل کی بھر پور مذمت کی۔ نیشنل فرنٹ کے چیئر مین نعیم احمد خان نے کہا اسمبلی نشستوں کی حد بندی کی آڑ میں تازہ سازشیں رچانے کا آغاز ہوگیا ہے۔ مسلم اکثریت کی مخصوص سیاسی اہمیت کو کم کرنے کی کسی بھی کوشش کے سنگین نتائج بر آمد ہونگے اور ان کوششوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔ رکن اسمبلی لنگیٹ انجینئر رشید نے اقوام متحدہ میں بھارتی مندوب مایانک جوشی کی طرف سے جموں و کشمیر میں مختلف انتخابات کے انعقاد کو رائے شماری کا متبادل قرار دینے کی کوششوں کو مسترد کرتے ہوئے بھارتی رہنماﺅں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی کوششیں نہ کریں۔ جماعت اسلامی کے ایک اور کارکن عبدالرشید بٹ کو پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت جموں کے کوٹ بلوال جیل منتقل کردیا گیا۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا نے کشمیر میں سکولوں کی حفاظت اور ان پر فورسز کے قبضے کو ختم کرنے کے لئے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سکولوں کو نذرآتش کرنے میں ملوث افراد کے خلاف ایکشن لیا جائے۔ اپنے بیان میں ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا گزشتہ جولائی سے دس اضلاع میں اب تک کم از کم 25 سکولوں کو نذرآتش کیا گیا اور آتشزدگی کی ان کارروائیوں کے پیچھے کارفرما مقاصد ابھی تک واضح نہیں ہوئے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کسی بھی صورت سکولوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے کیونکہ جلانے کی ان کارروائیوں کا مقصد بچوں کو تعلیم سے محروم کرنا ہے۔ بیان میں کہا گیا حکومت اس تشویشناک صورتحال کو روکے۔
مقبوضہ کشمیر