کراچی‘2 ٹارگٹ کلرز سمیت32 ملزم گرفتار‘ دستی برآمد

06 نومبر 2016

کراچی (نمائندہ نوائے وقت ) رینجرز نے دو مختلف کاررائیوں میں دو ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرلیا ۔پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں اور مقابلے کے بعد دہشت گرد اور مفرور ملزمان سمیت 24ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ ‘ ہینڈ گرنیڈ ‘ موٹرسائیکل ‘ رکشہ ‘ بھاری مقدار میں منشیات اور مسروقہ سامان برآمد کرلی جبکہ 8مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان رینجرز سندھ نے مصدقہ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے ایک ٹارگٹ کلر سید مہر وز مہدی نقوی عرف مہدی بادشاہ کو گرفتار کرلیا ‘ترجمان رینجرز کے مطابق ملزم نے مذہبی بنیادوں پر ٹارگٹ کلنگ کا اعتراف کیا ہے ‘ ملزم نے 2013ءمیں سائٹ کے علاقے میں مفتی دلفراز معاویہ اور ابوبکر قتل کیا‘ 2014ءمیں شاہراہ فیصل پر مفتی عثمان یار خان ‘ محمد علی اور رفیق کا قتل کیا‘ اس کے علاوہ گرفتار ملزم 22سے زائد قتل کی وارداتوں کے ساتھ ساتھ اغواءبرائے تاوان ‘ ڈکیتی ‘ بھتہ خوری اور اسٹریٹ کرائمز میں ملوث رہا ہے ‘ ملزم کی نشاندہی پر خفیہ مقام پر چھپایا گیا اسلحہ اور ایمونیشن بھی برآمد کیا گیا۔ دوسری جانب پاکستان رینجرز سندھ نے مصدقہ اطلاعات پر پی آئی بی کالونی گلشن اقبال میں کارروائی کرتے ہوئے ایک ٹارگٹ کلر اشتیاق عرف ماما کو گرفتار کرلیا‘ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم ایم کیو ایم کا یونٹ انچارج اور کارکن رہا ہے جو پارٹی کے اعلیٰ عہدیداروں کے حکم پر ٹارگٹ کلنگ کی متعدد وارداتوں کے علاوہ دیگر سنگین جرائم میں بھی ملوث رہا ہے ‘ ملزم اشتیاق 1993ءسے 2007ءتک بلوچ نوجوانوں کے قتل میں ملوث رہا۔ ملزم کے قبضے سے ایک عدد ایس ایم جی ‘ ایک رپیٹر‘ ایک پستول ‘ 3دیسی اون بم اور مختلف اقسام کے ایمونیشن بھی برآمد ہوا ہے۔ درخشاں پولیس نے بدر کمرشل میں کارروائی کے دوران ملزم وقاص محمود گرفتارکر کے ایک بغیر لائسنس پسٹل برآمد کر لی۔ سعید آبادپولیس نے بسم اللہ چوک پر کارروائی کے دوران مقابلے کے بعدایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ نارتھ کراچی سیکٹر 11-L سے ملزم فرحان عرف ٹرپل عرف فوجی کو گرفتا ر کر لیا۔ مشتبہ افراد میں حسین ‘ عبدالستار ‘ محمد حسن رضا ‘ محمد عاطف ‘ کلیم ‘ محمد علی عبدالنصیر اور عقیل احمد شامل ہے جن سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔ویسٹ زون پولیس نے علاقے میں 10چھاپہ مار کارروئیوں کے دوران 19 ملزمان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
کراچی گرفتاریاں