اشتعال انگیز تقاریر کیس:نامزد ملزم وسیم اختر کی ضمانت منظور

06 نومبر 2016

کراچی(وقائع نگار) انسداد دہشتگردی کی عدالت نے بانی ایم کیو ایم کی اشتعال انگیز تقاریر میں سہولت کاری کے الزام میں نامزد ملزم وسیم اختر کی ضمانت منظور کرلی ہے۔کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں میئرکراچی اور ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما وسیم اختر کے خلاف دو مقدمات کی سماعت ہوئی۔ عدالت کے سامنے وسیم اختر کے خلاف درج کی گئی ایف آئی آر پیش کی گئی جن کے مطابق بانی ایم کیو ایم کی تقاریر بے ہودہ تھیں اور ان میں ملک میں بسنے والی کروڑوں خواتین کی بے عزتی کی گئی۔ اشتعال انگیز تقاریر میں سہولت کاری سے متعلق مقدمے کی سماعت میں وسیم اختر کے وکیل خواجہ نوید نے عدالت کے سامنے مو¿قف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ وسیم اختر پر اشتعال انگیز تقاریر میں سہولت کاری کا الزام ہے تاہم جس تقریرکے حوالے سے ان کے خلاف ایف آئی آر درج ہے وہاں وسیم اختر موجود نہیں تھے۔ وسیم اختر کا عدالت میں کہنا تھا کہ پولیس نے عدلیہ کو مذاق بنارکھا ہے۔ میرے خلاف ہر واقعہ پر 2،2 مقدمات قائم کر رکھے ہیں۔ مجھ پر 7 ایف آئی آرز ایک جیسی دفعات کے تحت ہیں اور اسی واقعہ کی ایک اور ایف آئی آر میں ضمانت بھی دی جا چکی ہے۔ عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد وسیم اختر کی ایک لاکھ روپے کے عوض ضمانت منظور کرلی ہے۔ واضح رہے کہ وسیم اختر کے خلاف سانحہ 12 مئی اور بانی ایم کیو ایم کی اشتعال انگیز تقاریر میں سہولت کاری کے 39 مقدمات درج ہیں جن میں سے 37 میں ان کی ضمانت ہوگئی۔
وسیم اختر