عہد راحیل شریف

06 نومبر 2016
عہد راحیل شریف

عہد راحیل شریف پاک فوج کے کارہائے نمایاں۔ نوجوان صحافی ندیم نذر کی عسکری موضوعات پر تحریروں کا انتخاب ہے۔ جسے انہوں نے اپنی کتاب کا ٹائٹیل بنایا ہے۔ مصنف نے پاکستان کی سرحدوں کیلئے اپنا خون دینے والے بہادر سپاہیوں اور افسروں کی خدمات کا بھرپور انداز اور اثر انگیز الفاظ میں ذکر کرتے ہوئے جہاں پاک فوج کو مدلل طور پر دنیا کی بہترین افواج میں پہلا نمبر دیا ہے وہاں اپنی کتاب میں کراچی میں رینجرز آپریشن، ایٹمی میزائل، ڈرون طیارے اور آرمی ایوی ایشن سے متعلقہ دیگر موضوعات پر بھی مستند معلومات جمع کر دی ہیں۔
آج کے دور کی پاکستانی تاریخ افواج پاکستان ضرب عضب اور جنرل راحیل شریف کے تذکرے کے بغیر مکمل نہیں کہی جا سکتی۔ وطن عزیز میں گزشتہ برسوں سے افراتفری، قتل و غارت گری اور انتشار کے ہیجانی دور کے بعد اس وقت ملک میں امن کی جو فضا قائم ہے، اس میں جنرل راحیل شریف نے کلیدی اور تاریخی کردار ادا کیا ہے۔ پاکستان کے بڑے بوڑھے، مائیں، بیٹیاں اور بچے سبھی جنرل راحیل شریف کو نہ صرف جانتے ہیں بلکہ انہیں پسند بھی کرتے ہیں۔ مصنف نے جنرل راحیل شریف کی پیشہ ورانہ و قائدانہ صلاحیتوں اور پاکستان کیلئے ان کی خدمات کا بڑی جامعیت کے ساتھ تذکرہ کیا ہے۔کتاب انتہائی معلوماتی ہے۔ اسے ہر لائبریری اور ہر ہاتھ میں ہونا چاہیے۔ ہدیہ 2 ہزار روپے اور قلم فائونڈیشن والٹن روڈ کینٹ لاہور سے دستیاب ہے۔(تبصرہ… ایم شریف)