”گو زرداری گو“ نعرے کو عملی شکل دینا ہو گی‘ بیروزگار نوجوانوں کو مزید گاڑیاں دینگے: شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو بچانے کے لئے ”گو زرداری گو“ نعرے کو عملی شکل دینا ہو گی۔ 20 ہزار ییلو کیب کی تقسیم کے بعد اگلے مرحلے میں مزید گاڑیاں دی جائیں گی۔ ییلو کیب سکیم جیسے منصوبوں کا مقصد ملکی وسائل کو غریبوں تک پہنچانا ہے۔ عید کی تعطیلات پر سرکاری ہسپتال کھلے رکھے جائیں۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری‘ سیکرٹری صحت و آبپاشی عید کی چھٹیوں میں ڈاکٹروں کی حاضری مانیٹر کریں گے۔ وزیر اعلیٰ نے استنبول کے میئر کو فون کیا اور انہیں سالڈویسٹ مینجنٹ کے عظیم منصوبے کے افتتاح کی دعوت دی جسے انہوں نے تقسیم کر لیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ چوروں کو الٹا نہ ٹکاوں تو کیا انہیں چُوری کھلاوں۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں ییلو کیب سکیم کے تحت کامیاب درخواست گذاروں کو گاڑیاں حوالے کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ییلو کیب سکیم کے تحت پنجاب کے تعلیم یافتہ نوجوانوں کو مزید روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ پاکستان کو بچانے‘ ترقی دینے اور آگے بڑھانے کا کام کفایت شعاری‘ دیانتداری اور محنت کے ذریعے ممکن ہو سکتا ہے۔ پاکستان کے وسائل پر غریب عوام کا حق ہے۔ راولپنڈی ضلع کے 810 کامیاب درخواست گذاروں میں سے 92 خواتین و حضرات کے گاڑیاں حوالے کی گئی ہیں۔ سینیٹر پرویز رشید‘ سینیٹر بیگم نجمہ حمید‘ ارکان اسمبلی‘ کامیاب درخواست گذاروں کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔ وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ جب تک قرضے لینے کا کشکول نہیں توڑا جائے گا اس وقت تک ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ جب آپ کسی کا کھاتے ہیں تو پھر وہ اپنا حکم بھی چلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو قائد کا پاکستان بنانے کے لئے ہمیں ہمیشہ کے لئے کشکول توڑنا ہو گا۔ پنجاب حکومت نے پچاس ہزار خاندانوں کو روزگار کے لئے پچاس ہزار روپے کا قرضہ دینے کے لئے بھی ایک ارب روپے کی سکیم شروع کی ہے۔ حکومت نے ڈینگی کی وبا کا دن رات محنت کر کے مقابلہ کیا اور لاہور میں یہ وبا اتنی شدید تھی کہ اس سے 300 کے قریب لوگ جاںبحق ہوئے جس کا انہیں انتہائی دکھ ہے۔ نوائے وقت نیوز کے مطابق شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو بچانا ہے تو بھکاری پن سے نجات دلانا ہو گی۔ جیب کتروں‘ ٹھگوں اور لٹیروں کو چوراہے پر لاوں گا‘ امداد کے پیسے میں معصوم افراد کا خون شامل ہے‘ ایک طرف ایٹم بم دوسری طرف کشکول دونوں ساتھ نہیں چل سکتے۔ انسداد ڈینگی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ عید کی تعطیلات کے دوران ہسپتالوں میں کنسلٹنٹس و ڈاکٹروں کی حاضری اور مریضوں کو طبی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے جامع پروگرام مرتب کر لیا گیا ہے۔ منتخب نمائندے اور انتظامی سیکرٹری تعطیلات کے دوران ہسپتالوں کا دورہ کریں گے اور انتظامات کا جائزہ لیں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ فیصل آباد‘ گوجرانوالہ‘ شیخوپورہ‘ راولپنڈی اور ملتان میں ڈینگی مریضوں کے لئے قائم کئے گئے انتہائی نگہداشت یونٹس کو فوری طور پر ضروری آلات سے آراستہ کر کے رپورٹ پیش کی جائے۔ وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں لاہور سمیت صوبے کے بڑے شہروں میں صحت کی سہولتوں کو بہتر بنانے کے لئے مختلف اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں عطائیت کے خاتمے کے لئے تجاویز کو حتمی شکل دی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ چند سکوں کے لئے عوام کی جانوں سے کھیلنے والے عطائیوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے استنبول کے میئر قادر توبپاس نے اس امر کا یقین دلایا کہ وہ منصوبے کے لئے درکار مشینری جلد از جلد لاہور بھجوانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے۔ شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں صوبے میں چار نئے میڈیکل کالجوں کے قیام اور موبائل ہیلتھ یونٹس کے منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ دریں اثناءوزیر اعلیٰ شہباز شریف نے عیدالاضحی کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔