شمالی وزیرستان‘ شدت پسندوں کا حملہ‘ 5 اہلکار جاں بحق: سوات کمانڈر گل رحمن ساتھی سمیت مارا گیا
میرانشاہ + سوات (اے ایف پی+ آن لائن+ نوائے وقت نیوز) شمالی وزیرستان میں شدت پسندوں نے سکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملہ کیا جس سے 5 سکیورٹی اہلکار جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے۔ سوات میں سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے شدت پسند کمانڈر گل رحمن ساتھی سمیت مارا گیا۔ تفصیلات کے مطابق فوجی قافلہ رزمک سے کسی دوسرے مقام کی طرف جا رہا تھا کہ راستے میں شدت پسندوں نے اچانک قافلے پر راکٹ فائر کئے، دستی بم پھینکے اور فائرنگ کی جس سے 5 اہلکار جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے۔ سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی سے شدت پسند فرار ہو گئے۔ فورسز نے علاقے کا محاصرہ کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا جبکہ شدت پسند کمانڈر گل رحمن کبل کے علاقے منگولی کے پہاڑی علاقے سے برہ بانڈی میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا جس کو فورسز نے روکنے کی کوشش کی لیکن وہ ساتھیوں سمیت بھاگ نکلا جس پر فورسز نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں گل رحمن اور اس کا ایک ساتھی جاں بحق ہو گیا جبکہ فورسز نے اس کے ایک ساتھی کو گرفتار کر لیا ہے۔