راولپنڈی: خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں سیکیورٹی فورسز نے 4 اور 5 مئی 2025 کو خفیہ اطلاعات پر مبنی کارروائیوں کے دوران 8 خارجیوں کو ہلاک کردیا جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا ایک جوان شہید ہوگیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کیا .جس میں فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا اور 3 خارجیوں کو ہلاک کردیا۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ایک اور خفیہ اطلاع پر کارروائی جنوبی وزیرستان میں کی گئی. جہاں سیکیورٹی فورسز نے دو خوارج کو جہنم واصل کیا .تاہم اس کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 40 سالہ نائیک مجاہد خان (ضلع کوہاٹ کے رہائشی) مادرِ وطن پر قربان ہوکر شہادت کے عظیم رتبے پر فائز ہو گئے۔ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ علاوہ ازیں خیبر اور بنوں اضلاع میں بھی سیکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان جھڑپیں ہوئیں جن میں مزید تین دہشت گرد مارے گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے مزید بتایا کہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور بارودی مواد بھی برآمد ہوا ہے۔ یہ تمام خوارج سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ سمیت متعدد دہشتگردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ علاقے میں مزید ممکنہ دہشت گردوں کی موجودگی کے پیش نظر کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپوتوں کی قربانیاں ہمارے اس عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
خیبرپختونخوا :سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں:8 خوارج جہنم واصل، ایک جوان شہید
May 06, 2025 | 18:01