پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بھارت کا گھناؤنا چہرہ بےنقاب کردیا، پاکستان نے سلامتی کونسل کو بھارت کے اشتعال انگیز اقدامات سے آگاہ کردیا۔ پاکستان کی درخواست پر بلایا گیا پاک بھارت کشیدگی کے حوالے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اہم اجلاس اختتام پذیر ہوگیا، اجلاس میں سلامتی کونسل کے 5مستقل سمیت 15 ارکان شریک ہوئے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار کا کہنا ہے کہ پاکستان بار بار کہہ چکا ہے کہ پہلگام واقعے سے کوئی تعلق نہیں ہے، بھارت کی جانب سےسندھ طاس معاہدے کو معطل کرنا عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ پاکستان کی درخواست پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے بند کمرہ اجلاس کے بعد پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے بریفنگ دی۔ عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ سندھ طاس معاہدے کی معطلی کا معاملہ بھی اجلاس میں اٹھایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعے کی آزادانہ، شفاف اور بین الاقوامی تحقیقات میں تعاون کے لیے تیار ہیں، بھارتی اقدامات سےخطےمیں امن وسلامتی کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ عاصم افتخار نے بتایا کہ پاکستان اپنی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے تیار ہے، خطے کے ممالک کے ساتھ مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تنازع کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان بنیادی مسئلہ ہے، مسئلہ کشمیر کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے سلامتی کونسل اجلاس سے مقاصد حاصل کرلیے ہیں۔
پاکستان کی ایک اور بڑی کامیابی، سلامتی کونسل میں کیا بھارت کا گھناونا چہرہ بے نقاب
May 06, 2025 | 10:46