شور کوٹ: مسافر بس کھائی میں جا گری، 4 افراد جاں بحق، 16 زخمی 

May 06, 2025

شورکوٹ ، نوشہرہ ورکاں (نمائندہ نوائے وقت، نامہ نگار) مسافر بس کو  حادثہ پیش آیا۔ مسافر بس کھائی میں گرنے سے 4 افراد جاں بحق، 16 مسافر زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ گوجرانوالہ سے لیہ جانے والی مسافر بس پتن روڈ سلطان باھو پل کے قریب کھائی میں جاگری۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں 4مسافر غلام عیسیٰ، احمد رضا، نذیر، حورین فاطمہ جاں بحق ہو گئے جبکہ 16 مسافر نصر اللہ، عبدالمنان، مظہر منیر، عبدالستار وغیرہ شدید زخمی ہو گئے۔ حادثہ ٹرک کو اوور ٹیک کرتے ہوئے تیز رفتاری کی وجہ سے پیش آیا۔ مسافر بس میں 40 افراد سوار تھے۔ موٹرسائیکل حادثے میں دو کمسن لڑکے جاں بحق ہوگئے۔ گوجرانوالہ شیخوپورہ روڈ پر واقع گھمن والہ گاؤں کے قریب دو کمسن لڑکے موٹرسائیکل سے گر کر جاں بحق ہو گئے۔ 14 سالہ محمد حنظلہ سکنہ تنگ کلاں اور محمد عادل سکنہ گھمن والہ مقامی مدرسے کے طالب علم تھے جو موٹرسائیکل پر ناشتہ کرنے جا رہے تھے کہ تیز رفتاری کے باعث موٹرسائیکل بے قابو ہو کر فٹ پاتھ سے جا ٹکرائی اور سر پر چوٹ لگنے سے دونوں لڑکے موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ ریسکیو 1122 کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائی کی۔

مزیدخبریں