ایئر پورٹ اٹیک اسرائیل نے ایران پر حملے کی دھمکی دیدی ، منہ توڑ جواب دینگے تہران 

May 06, 2025

تل ابیب (نوائے وقت رپورٹ)  یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے اسرائیل کے بن گوریون انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بیلسٹک میزائل حملے کے بعد اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے ایران کو سنگین نتائج کی دھمکی دے دی۔ نیتن یاہو نے ایران کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ "ہم اپنی مرضی کے وقت اور مقام پر ایران کو جواب دیں گے۔" دوسری جانب امریکہ اور یورپ کی کئی بڑی ائیرلائنز نے تل ابیب کے لیے اپنی پروازیں معطل کر دی ہیں۔ حوثی عسکری ترجمان یحییٰ سریع نے خبردار کیا ہے کہ بن گوریون ایئرپورٹ اب فضائی سفر کے لیے محفوظ نہیں رہا اور مزید حملے بھی ممکن ہیں۔ ادھر ایرانی وزیر دفاع نے کہا ہے کہ  کوئی بھی کسی خوش فہمی نہ رہے۔ کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کے وزیر دفاع عزیز نصیر زادہ نے سرکاری ٹیلی ویژن پر بتایا کہ اگر ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو دو ٹوک جواب دیں گے۔ امریکی فوجی اڈے ہمارے نشانے پر ہیں، اگر خود امریکا یا پھر اسرائیل نے کوئی جارحیت دکھائی تو ان اڈوں کو نشانہ بنائیں گے۔ وزیر دفاع عزیز نصیر زادہ نے مزید کہا کہ ایران کی امن پسندی کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ دوسری طرف ایران نے مغرب کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران 1200 کلومیٹر تک مار کرنے والے نئے بیلسٹک میزائل ’قاسم بصیر‘ کی رونمائی کی ہے جس کا حال ہی میں تجربہ کیا گیا ہے۔ ایرانی خبر رساں ادارے ’مہر نیوز‘ کی رپورٹ کے مطابق ایرانی وزیر دفاع جنرل عزیز ناصر زادہ نے اتوار کی رات 8 بجکر 30 منٹ پر نیوز پروگرام میں نشر ہونے والے ایک انٹرویو کے دوران قومی ایرانی ٹی وی کو بتایا کہ ٹھوس ایندھن سے چلنے والا نیا میزائل پچھلے میزائلوں کے مقابلے میں بہتر حرکات و سکنات کا حامل ہوگا اور تھاڈ، پیٹریاٹ اور اسرائیل جیسے مختلف فضائی دفاعی نظاموں سے محفوظ ہوگا اور اس کی رینج 1200 کلومیٹر ہے۔ ایرانی وزیر دفاع کے انٹرویو کے دوران میزائل کے تجربے کی ویڈیو بھی نشر کی گئی، جس میں دکھایا گیا کہ بیلسٹک میزائل نے اپنے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ کہا جاتا ہے کہ اس میزائل کا تجربہ گزشتہ ماہ 17 اپریل کو کیا گیا تھا۔

مزیدخبریں