وزیر اعظم کل سعودی عرب کے سرکاری دورہ پر روانہ ہوں گے،طاہر اشرفی
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) معاون خصوصی طاہر اشرفی کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم7 مئی کو سعودی عرب کے سرکاری دورہ پر روانہ ہوں گے، دورے کے دوران وزیر اعظم سعودی ولی عہد اور مذہبی و سیاسی قیادت سمیت پاکستانیوں سے بھی ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی طاہر اشرفی نے سعودی عرب روانگی سے قبل گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سعودی عرب تعلقات ایمان اور عقیدے کے تعلقات ہیں، موجودہ حکومت کا ویژن اور سوچ واضح ہے کہ دونوں ممالک کے مابین تجارت، معیشت، اقتصادیات، سیاحت و ثقافت اور دینی امور میں تعاون کو مزید فروغ دیا جائے۔ معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور پاکستان کا رشتہ جسم اور روح کی طرح ہے، پاکستان سعودی عرب کا امن، سلامتی و استحکام، دفاع ایک ہے، پاکستانی قیادت واضح کر چکی ہے کہ ارض مقدس کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ دورہ سعودی عرب میں دہشت گردی، اسلامک فوبیا، توہین ناموس پر مسلم امہ کی جانب سے مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دینے کے حوالے سے بھی بات کی جائے گی۔