سرکاری نرخنامہ میں ردوبدل‘ پھل سبزیاں مہنگے داموں فروخت‘ شہری لٹتے رہے
لاہور(کامرس رپورٹر) صوبائی دارالحکومت میں رمضان کے دوسرے عشرے (گیارویں روزے) کو بھی پرچون کی سطح پر پھل اور سبزیاں مقررہ نرخوں پرفروخت نہ ہو سکے اور دکانداروں نے صارفین کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا۔ سرکاری نرخنامہ میں بھی ردو بدل دیکھا گیا۔ سرکاری نرخنامے کے مطابق سبزیوں میں ایک کلو آلو نیا کچا چھلکااول کی زیادہ سے زیادہ قیمت 55روپے مقرر کی گئی لیکن شہر کے بیشتر علاقوں میں دکانداروں نے صارفین کو 65روپے سے لے کر70روپے تک فروخت جاری رکھی، ایک کلو پیاز درجہ اول کی زیادہ سے زیادہ قیمت 37روپے مقرر تھی تاہم دکانداروں نے42سے 45روپے تک فروخت کیا۔ ٹماٹر درجہ اول35روپے کی بجائے38سے40روپے، لہسن دیسی130کی بجائے180سے190، ادرک تھائی لینڈ210کی بجائے290 سے 300روپے، ادرک چائنہ290کی بجائے340سے330روپے، کھیرا دیسی29کی بجائے33سے 38،کھیرا فارمی16کی بجائے22 سے 25 روپے، لہسن ہرنائی 150کی بجائے 200 روپے، سبز مرچ اول 90 کی بجائے160سے 170 روپے، لیموں چائنہ 400روپے اور دیسی لیموں450سے 460روپے تک فروخت ہوا۔ سیب کالا کولو پہاڑی درجہ اول232کی بجائے315روپے، سیب کالا کولو پہاڑی درجہ دوئم 190کی بجائے240روپے، سیب ایرانی210کی بجائے280روپے، سیب سفید اول125کی بجائے190سے 200روپے، کیلا اول درجن 165کی بجائے210سے 20روپے، کیلا دوئم درجن90کی بجائے150روپے، سٹابری اول115کی بجائے190روپے، کھجور اصیل اول220کی بجائے300سے، کینو فی درجن اول155کی بجائے280سے 290روپے، امرود درجہ اول160کی بجائے 200روپے، تربوزفی کلو 44کی بجائے50سے 55روپے، فالسہ 330کی بجائے 410سے 420، لوکاٹھ 145کی بجائے 150روپے جبکہ آڑو265کی بجائے 350سے360روپے فی کلو تک فروخت ہوا۔