یقین ہے عوام کی طاقت سے تحریک انصاف اگلی حکومت بنائے گی: جہانگیرترین
لودھراں( نامہ نگار‘ خبر نگار )پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر خان ترین نے کہا ہے کہ تحریک انصاف جنرل الیکشن کے لئے پوری طرح تیار ہے۔پورا یقین ہے کہ پی ٹی آئی عوام کی طاقت سے اگلی حکومت بنائے گی۔ اقتدار میں آکر جنوبی پنجاب کے عوام کی ترقی و خوشحالی ہماری اولین ترجیح ہوگی ۔اپنی رہائش گاہ پر ورکرز اور سپورٹرز سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ ن لیگ نے ہمیشہ کسانوں کا معاشی قتل کیا ہے ۔کسانوں کو انکی اجناس کا اصل معاوضہ نہیں دیا جارہا جس کی وجہ سے انکے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں۔حکومت کنڑول ریٹ پر کسانوں سے گندم نہیں خرید رہی اور کسان مڈل مین کو ایک ہزار روپے فی من گند م بیچنے پر مجبور ہے ۔اگلے الیکشن میں کسان اپنے ووٹ کے ذریعے ن لیگ سے انتقام لیں گے اور انکو نکال باہر پھینکیں گے۔ جہانگیر خان ترین نے کہا کہ پاکستان میں زراعت سے انقلاب لایا جاسکتاہے۔ انشاء اللہ اقتدار میں آکر ایسی پالیسیاں بنائیں گے جس سے زراعت کا شعبہ ترقی کریگا اور ملک کا کسان خوشحال ہوگا۔جہانگیر خان ترین سے پی ٹی آئی لودھراں کے رہنمائوں عزت جاوید خان، میاں رفیق ارائیں، چوہدری نواز وڑائچ ،ملک ریاض ارائیں، ندیم خان گھلو، رائو عمران، مہر افضل ، رانا عدنان ،چوہدری رفیق، رانا انتظار،رانا امین اتیرا،عبدالجبار سکھیرا، خانیوال سے احمد یار ہراج ،رانا محمد سلیم ،ڈیرہ غازی خان کے ضلعی صدر اقبال ثاقب،رحیم یار خان سے سردار نذیر احمد خان چانڈیو،رئیس محمد اقبال ،شیخوپورہ سے چوہدری علی اصغر بھلہ نے بھی ملاقات کی ۔ جہانگیر ترین نے مختلف علاقوں میں وفات پاجانے والی شخصیات کے گھروں میں جاکر لواحقین سے تعزیت و فاتحہ خوانی بھی کی جبکہ حویلی نصیر خان میں پی ٹی آئی رہنما اللہ وسایا خان بلوچ کے صاحبزادے آصف خان بلوچ کی شادی کی تقریب میں بھی شرکت کی۔