ملتان ائر پورٹ پر کارگو کی جدید سہولیات فراہم کرنے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں: گورنر پنجاب
ملتان (پ ر) گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ ملتان سے آم ، گوشت ،پھول ،تازہ سبزی اور پھل برآمد کے لئے ملتان ائیر پورٹ پر کارگو کی جدید سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔جنوبی پنجاب کا اہم مقام ہونے کے ناطے حکومت نے انٹرنیشنل ائیر پورٹ کی تعمیر اس علاقہ کے لوگوں کے وسیع تر مفاد کے پیش نظر کی گئی ہے ائیر پورٹ کا تجارتی مقاصد کے لئے استعمال علاقہ سے بے روز گاری کے خاتمہ،خوشحالی اور تجارتی سر گرمیوں کے فروغ کا باعث ہوگا،ان خیالات کا اظہارانہوںنے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیاجس میں ائیر پورٹ سے درآمداور برآمد کنندگان کو سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیا گیا،اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نادر علی چٹھہ ،جی ایم کارگو پی آئی اے ،امارات ائیر لائن کے کارگو آفیسر ،صنعت کار جلاالدین رومی ،کاشت کار ، شعبہ پلانٹ پروٹیکشن کے افسران ،سول ایوی ایشن کے افسران ، نواز شریف زرعی یونیورسٹی کے پروفیسر اشتیاق رجوانہ اور دیگر متعلقہ افراد نے شرکت کی ۔گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ آموں کی پیداوار کے علاوہ ملتان اور اس سے ملحقہ علاقے مختلف تجارتی اشیاء کے حوالے سے مقام رکھتے ہیں ۔ان علاقوں سے آم ،آم سے تیار کردہ دیگر مصنوعات ،پھول ،تازہ سبزیاں ،اور دیگر پھل چمڑا اور چمڑے کی مصنوعات ،کپڑا اور کپڑے کی مصنوعات کی دنیا کے مختلف ممالک میں طلب ہے ۔اور تجارتی معیار کے مطابق ان اشیاء کی تجارت کے لئے سہولیات فراہم کرکے خطیر زرِ مبادلہ حاصل کیا جاسکتا ہے ا سی لئے یہ کوشش کی جارہی ہے کہ ملتان ائیر پورٹ سے مسافروں کی آمد ورفت کے ساتھ ساتھ تجارتی مقاصد کے لئے بھرپور استفادہ حاصل کیا جائے۔انہوں نے ایک کمیٹی تشکیل دے کرپروفیسر اشتیاق رجوانہ کو کنوینئر کے طور پر کام کرنے کی ہدایت کی،یہ کمیٹی نہ صرف حالیہ سیزن کے آموں کی برآمدکے حوالے سے بلکہ ملتان ایئر پورٹ کو پورا سال تجارتی مقاصد کے لئے استعمال کرنے کے حوالے سے اپنی تجاویز دے گی۔ افسران نے بتایا کہ انٹرنیشنل سٹینڈرڈ کے مطابق تجارت کے لئے سہولیات کی فراہمی ہماری مصنوعات کی عالمی منڈیوں تک رسائی کی بنیاد ہیں۔گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ حکومت ہر ممکن کوشش کر کے برآمداد بڑھا رہی ہے تاکہ خطیر زر مبادلہ حاصل کیا جاسکے ملتان ائیر پورٹ کو تجارتی مقاصد کے لئے استعمال کرنے کے لئے سہولیات کی فراہمی پر کام شروع کردیا گیا ہے۔