مخالفین مسلم لیگ ن کی مقبولیت سے خوف زدہ ہیں: رانا تنویر
فیروز والا (نامہ نگار) وفاقی وزیر سائنس ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین نے کہا کہ ملکی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے والے عناصر کی بے پناہ سازشوں کے باوجود مسلم لیگ (ن) نے پانچ سالہ دور میں ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کر دیا ہے۔ مخالفین مسلم لیگ (ن) کی مقبولیت سے خوف زدہ ہیں۔ الیکشن 2018 میں جھوٹ منافقت اور الزام تراشی کی سیاست کا دھڑن تختہ ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار غازی، اندرون، نارنگ، کالا خطائی ایریا اور این اے 120 کے مختلف مقامات پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر رکن پنجاب اسمبلی پیر محمد اشرف رسول، میاں عبدالرئوف، ملک نوید احمد چوہان، ملک ظہیر اور دیگر ارکان نے بھی خطاب کیا۔ وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے خلاف سازشوں کے باوجود دن بدن مسلم لیگ ن کی طاقت میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ کالا شاہ کاکو سے لاہور ایسٹرن بائی پاس کا افتتاح بھی اسی ماہ ہو گا۔ موجودہ حکومت میں جتنے میگا پراجیکٹ تکمیل کو پہنچے ماضی کے کسی دور حکومت میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ غازی اندرون کے اجتماع کے موقع پر یو سی چیئرمین چودھری احسان علی ورک نے تحریک انصاف سے مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کیا۔