پر امن پاکستان افغانستان، جنوبی ایشیاء کی ترقی کیلئے اہمیت کا حامل ہے: عمر فاروق
لاہور پ ر) پرامن پاکستان نہ صرف افغانستان بلکہ جنوبی ایشیاء کی سائنسی ترقی کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے - ان خیالات کااظہار ترکی کے وزیراعظم کے چیف ایڈوائزر برائے وسطی ایشیاء عمر فاروق نے لاہور سنٹر فار پیس اینڈ ریسرچ کے زیراہتمام ترکی کے شہر استنبول میں ترقی کے لئے ربط سازی کی اہمیت پر ہونے والی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایل سی پی آر کے چیئرمین و سابقہ سیکرٹری خارجہ شمشاداحمد خان اور ترکی کی ساؤتھ سٹریٹجیک ریسرچ سنٹر کے کیمل ڈیمیئرنے بھی کانفرنس سے خطاب کیا - واضح رہے کہ یہ اپنی نوعیت کی پہلی ترکی مشترکہ کاوش ہے جس کا مقصد علاقائی تنازعات اور معاشی عدم مساوات کو موجودہ عالمی حالات کے تناظر میں امن کے ساتھ حل کرنا ہے -کانفرنس میں علاقائی اور بین الاقوامی تجارت ، سیاحت اور ثقافت کے فروغ کے لئے قابل عمل تجاویز پر بھی غور و فکر / بحث کی گئی۔کانفرنس میں اتفاق رائے سے طے پایہ کہ قومی و علاقائی سطح پر کوئی بھی معاشی حکمت عملی تب تک کامیاب نہیں ہوسکتی جب تک تنازعات کی بنیادی وجوہات کو موثر طریقے سے حل نہیں کیا جاتا - کانفرنس کے شرکاء نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ امن اور ترقی ایک دوسرے کیلئے لازم و ملزوم ہیں۔ اس حوالے سے کانفرنس نے چائنہ کی بیلٹ اینڈ روڈ انشی ایٹو کو علاقائی امن اور خوشحالی کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ تسلیم کیا - کانفرنس میں اس عزم کا اعادہ بھی کیاگیا کہ بین الاقوامی سطح پر درپیش چیلنجزسے نمٹنے کیلئے پالیسیوں کی مدافعت ، انفراسٹرکچر اور سہولیات کی فراہمی ، تجارتی آزادی، سرمایہ کی بہاؤ اور عوام کے عوام سے روابط کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں جائیں - سابق فنانس منسٹر ڈاکٹر سلمان شاہ نے زور دیتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور ترکی اپنے اپنے علاقوں میں تجارت کے محور ہیں۔ کانفرنس سے کسووہ کے وزیر ماحولیات ڈاکٹر ایلبینا ریفکی، انقرہ میں کسووہ کے سفیر Ayni Spahiu نے بھی خطاب کیا۔