انتخابات میں تاخیر ملک و قوم کے مفاد میں نہیں: مقصود احمد
لاہور (خصوصی نامہ نگار)متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ عام انتخابات 2018میں اپنے وقت پر ہی ہونے چاہئیں۔انتخابات میں تاخیر ملک وقوم کے مفاد میں نہیں ہے۔اس حوالے سے میڈیا میں خبریں آرہی ہیںکہ الیکشن شاید چند مہینوں تک ملتوی ہوجائیں۔الیکشن کمیشن کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ بروقت انتخابات کو یقینی بنانے کے لیے اپنا کردار اداکرے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ مرکز اور صوبوں میں شفاف اور غیر جانبدار نگران حکومتوں کے قیام کے لیے بھی ضروری ہے کہ صاف ستھری اور اچھی شہرت کے حامل افراد کو ہی عبوری حکومت میں لایاجائے تاکہ منصفانہ انتخابات کاعمل بروقت ممکن ہو سکے۔ پاکستانی عوام کرپٹ اور بدعنوان حکمرانوں سے تنگ آچکی ہے۔ اب دینی جماعتوں کے اتحاد متحدہ مجلس عمل کی بحالی ہوچکی ہے۔اسلام آباد میں کامیاب کنونشن کے بعد اب13مئی کو مینار پاکستان پر ہونے والا متحدہ مجلس عمل کاجلسہ تاریخی اورعظیم الشان ہوگا۔