مشکل وقت میں پارٹی چھوڑنے والے کبھی بھی مسلم لیگ (ن) کے وفادار نہیں تھے
راولپنڈی (نوائے وقت نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) برطانیہ کے سینئر نائب صدر ناصر بٹ نے سابق ایم پی اے شہریار ریاض کی پی ٹی آئی میں شمولیت کو مفاد پرستی قرار دیتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں نواز شریف کا ساتھ چھوڑنے والے کبھی بھی پارٹی کے وفادار نہیں تھے۔ جماعت سے اس قسم کے مفاد پرستوں کے نکل جانے سے بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) مستحکم ہو گی۔ ایک بیان میں لیگی رہنما ناصر بٹ نے کہا کہ 2008 ء میں پارٹی ٹکٹ دیتے ہوئے پارٹی کے وفادار کارکنوں کو مدنظر رکھا جاتا تو (ن) لیگ کو ان مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔ اس وقت دوسروں کے کندھوں کو استعمال کر کے پارٹی ٹکٹ لینے والے آج مشکل وقت میں پارٹی کو چھوڑ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا پارٹی کے قائد میاں نواز شریف نے وعدہ کیا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں صرف اہل ورکرز کو ہی پارٹی ٹکٹ دیئے جائیں گے۔ اس اقدام سے یقیناً پارٹی مستحکم ہو گی اور انتخابات میں مسلم لیگ (ن) ایک بار پھر بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گی۔ ناصر بٹ نے مزید کہا کہ پارٹی تبدیل کرنے والے رسوا ہوتے رہے ہیں اور آئندہ بھی ہوتے رہیں گے۔