فیصل صالح حیات پینل پنجاب فٹ بال ایسوسی ایشن کے انتخابات میں کامیاب
کراچی (اسپورٹس رپورٹر ) پنجاب فٹبال ایسوسی ایشن کے انتخابات میں سید فیصل صالح حیات کے حمایت یافتہ پینل نے کلین سویپ کردیا،سردار نوید حیدر 23 ووٹوں کیساتھ صدر منتخب ہوئے، حریف امیدوار رانااشرف نے 13ووٹ حاصل کئے، سردار نوید حیدر خان کے پینل کے پانچوں نائب صدور بھی بھاری اکثریت سے منتخب ہوئے۔ فیصل صالح حیات کی طرف سے سردار نوید حیدر خان اور ان کے تمام پینل کو دلی مبارک باد دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق صدر پی ایف ایف سید فیصل صالح حیات کے حمایت یافتہ سردار نوید حیدر پنجاب فٹبال ایسوسی ایشن کے صدر منتخب ہوگئے ہیں، ہفتہ کو اولمپک ہائوس لاہور میں ہونے والے انتخابات میں سردار نوید حیدر نے 23جبکہ حریف امیدوار رانا اشرف نے صرف13ووٹ حاصل کئے، پانچوں نائب صدور بھی بھاری اکثریت سے اسی گروپ کے منتخب ہوئے، ان میں رانا شوکت (اٹک)،چوہدری نعیم (وہاڑی) ، شیخ اقبال الرحمٰن(بہاولپور)،شیخ خالد(نارووال)، راجہ اشتیاق(راولپنڈی) شامل ہیں۔اس موقع پر موجود ضلعی عہدیداروں نے نو منتخب صدر اور ساتھیوں کو مبارکباد دی اور پھولوں کے ہار پہنائے۔ یاد رہے کہ پنجاب فٹبال ایسوسی ایشن کے انتخابات سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں ہوئے ہیں،انتخابی عمل عدالت کی طرف سے نامزد کردہ الیکشن کمشنر علی رضا ایڈووکیٹ کی نگرانی میں مکمل ہوا۔