موبائل فون کا زیادہ استعمال دماغ کے کینسر کا باعث بن سکتا ہے، ماہرین
اسلام آباد(نوائے وقت نیوز)دماغ کے کینسرمیں پچھلے 10 سال کے مقابلے میں دگنا اضافہ ہوا ہے جس کی بڑی وجہ موبائل فون کا استعمال ہے۔سائنسی جریدے جرنل آف انوائرنمنٹل اینڈ پبلک ہیلتھ میں شائع ہونے والے مقالے کے مطابق 1995 سے 2015 کے درمیان کیے گئے مطالعے سے انکشاف ہوا کہ گزشتہ 10 برس کے دوران دماغ کے کینسر میں دگنا اضافہ ہوا ہے۔ برین ٹیومرکے بڑھتے ہوئے ان واقعات کی وجہ طرززندگی میں تبدیلی اورموبائل فون کا بڑھتا ہوا استعمال ہے۔اس قسم کے ٹیومر کو glioblastoma کہا جاتا ہے اور یہ دماغ کے بالائی اور پچھلی حصے کے درمیان میں پیدا ہوتا ہے اور کبھی کبھی ابتدائی طور پر یہ ریڑھ کی ہڈی سے بھی جنم لیتا ہے تاہم زیادہ تر یہ کان کے اوپری حصے کی جانب پیدا ہوتا ہے جس کی ابتدائی تشخیص مشکل ہو تی ہے تاہم چکر آنا، دھندلا دکھائی دینا، بے ہوش ہوجانا یا چال میں فرق آنا اس کی ابتدائی علامات ہوسکتی ہیں۔