اورنج لائن میٹروٹرین کا منصوبہ آج کل تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ میٹروبس کی شاندار کامیابی دیکھنے کے بعد یہ بات وثوق سے کہی جاسکتی ہے کہ میٹروبس سروس کی طرح اب اورنج لائن میٹروٹرین کا منصوبہ آنے والے وقت میں عوام کیلئے کسی نعمت سے کم نہ ہوسکا۔وزیراعلیٰ پنجاب کی انتھک کاوشوں کو مدنظررکھتے ہوئے یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ اورنج میٹروٹرین کا تاریخی منصوبہ بہت جلد تکمیل کے مراحل میں داخل ہوجائے گا وزیراعلیٰ پنجاب عام آدمی کو جدید اور باوقار سفری سہولت کی فراہمی کیلئے سعی کرتے دکھائی دیتے ہیں۔حال ہی میں خادم پنجاب نے سینئر صحافیوں اینکرپرسنز اور میڈیا سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو اورنج لائن میٹروٹرین کے حوالے سے بریفنگ دی جس میں انہوں نے تمام پہلوؤں پر روشنی ڈالی جس پر حکومت پنجاب کو شدید تنقید کا سامنا ہے اور تمام سوالات کے تسلی بخش جواب بھی دئیے۔ جب شائقین کو کرکٹ ورلڈ کپ ٹی ٹوئنٹی کا فائنل دیکھنے میں مصروف تھے اسی دوران عوام دوست اور نڈر لیڈر میڈیا سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے تنقید بھرے سوالات کے جوابات دے رہے تھے اور یہ سب وہ اپنے لئے نہیں بلکہ عوام اور ملکی مفاد کی خاطرکررہے تھے تاکہ عوام کوجدید سفری سہولت جوان کا حق ہے فراہم کی جاسکے کیونکہ اورنج لائن میٹروٹرین غریب عوام کا منصوبہ ہے جس سے خواص کی زندگیوں پر کوئی خاطرخواہ فرق تونہیں پڑے گا پرغریبوں کی زندگیوں میں مؤثر تبدیلی آئے گی ایسے منصوبے امیراور غریب کے درمیان بڑھتے ہوئے خلیج کم کرنے کیلئے نہایت ضروری ہے۔
اس بریفنگ میں ہونیوالی بہت سی ایسی باتیں ہیں جن سے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کی نیک نیتی کا اندازہ ہوتا ہے اور یہ کہ وہ پاکستانی عوام کو چائنہ سے ملنے والے تحفے کیلئے ہمیشہ کوشاں رہیں گے۔ وزیراعلیٰ یہ تہیہ کربیٹھے ہیں میٹروبس سروس کی طرح اورنج لائن بھی وہ منصوبہ ہوگا جو تمام تنقید کرنے والوں کی تنقید کا کرارہ جواب ہوگا ۔
یہ کہنا ہے کہ پنجاب کے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کا اورنج لائن میٹروٹرین درحقیقت عام آدمی کو معیاری باوقار اور سفری سہولتیں فراہم کرنے کا عظیم الشان منصوبہ ہے۔ حیران کن بات یہ ہے کہ اس منصوبے میں غریب عوام کے 70 ارب روپے بچائے گئے ہیں۔ ٹینڈرنگ کے عمل کے بعد گفت وشنید کے ذریعے اربوں روپے بچا کر حکومت پنجاب نے جو تاریخ رقم کی ہے ان تمام کاوشوں کے لئے نہ صرف حکومت پنجاب داد بلکہ مبارک باد کی بھی مستحق ہے۔ ملک کی تاریخ کا یہ پہلا منصوبہ ہے جس میں چین نے سول ورکس پاکستانی کمپنیوں کو دیا ہے اور سول ورکس میں بھی 6 ارب روپے کی بچت کی گئی ہے۔ پاکستانی کمپنیوں کو سول ورکس کا کام دینے کا مقصد یہ ہے کہ بہت سے پاکستانی بھائیوں کو روزگار فراہم کیا جائے۔
لاہوراورنج لائن میٹروٹرین کے اس منصوبے میں سوفیصد فنڈنگ چین کے ایگزم بینک کی جانب سے کی گئی ہے۔ جدید، تیز رفتار، باکفایت اور معیاری سفری سہولتوں پر عوام کا پورا حق ہے اور نہایت محترم سول سوسائٹی اس عوام دوست منصوبے کی مخالفت کرکے عوام پر ظلم نہ کریں اور ان کی ترقی کی راہ میں روڑے نہ اٹکائیں۔
بریفنگ کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے ایک بہت غور طلب بات کہی کہ لاہورمیٹروبس کے منصوبے پر 70ارب روپے خرچ ہونے کا دعویٰ کرنیوالے آج تک اس کا کوئی ثبوت پیش نہیں کرسکے اور وہ یہ بات بارہاواضح کرچکے ہیں کہ میٹروبس کے منصوبے پر 30 ارب روپے لاگت آئی ہے اور اگرکوئی35 ارب روپے کی لاگت بھی ثابت کرنے میں کامیاب ہوجائے تووہ خادم پنجاب کا احتساب کرسکتے ہیں مگرایسا آج تک نہ ہوسکا کیونکہ الزامات ان لوگوں اور سیاست دانوں کی طرف سے آئے ہیں جو ہرمنصوبے پر نت نئے طریقوں سے صرف اپنی سیاست چمکانے کے بارے میں سوچتے ہیں جبکہ عوام کی فلاح وبہبود سے ان کا دور دور تک کوئی تعلق نہیں۔ شہباز شریف کی ایک بہت قابل ستائش خوبی یہ ہے کہ وہ نقادوں کی باتوں پر کان دھرے بغیر منصوبوں کی تکمیل کا کام جاری رکھنے پر یقین رکھتے ہیں۔
جب اشرافیہ اور نام نہاد سول سوسائٹی کے ممبران خود جدید گاڑیوں میں سفرکرتے ہیں پھروہ یہ کیوں چاہتے ہیں کہ غریب عوام کے مقدرمیں کھٹارا اور دھواں چھوڑتی ہوئی بسیں ہوں؟ میٹروبسوں کے ذریعے روزانہ لاکھوں افراد اپنی منزل پر بروقت پہنچ رہے ہیں اسی طرح اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کی تکمیل سے ابتداء میں اڑھائی لاکھ اور پھرپانچ لاکھ افراد سفرکرسکیں گے جہاں اشرافیہ کو تمام ترسہولتیں میسرہوں وہاں انصاف کا تقاضا ہے کہ عام آدمی کو کم ازکم بنیادی سہولتوں کیلئے ترستا نہ پڑے۔میں پورے وثوق سے کہہ سکتی ہوں کہ اورنج ٹرین منصوبہ شفافیت معیار اور فن تعمیر کا اعلیٰ شاہکار ہوگا حکومت پنحاب نے تمام سماجی شعبوں کی بہتری اور عوام کو بہترین خدمات کی فراہمی کو اپنی اولین ترجیح بنایا ہے ماس ٹرانزٹ سسٹم ان میں سے ایک ہے اورنج لائن میٹروٹرین جیسے منصوبوں کی مدد سے سفری مسائل کا حل ممکن ہوگا بلاشبہ اس منصوبے کی تکمیل سے عام آدمی کا طرز زندگی ممکنہ حد تک بہترہوگا اور خوشحال زندگی کی امید پیدا ہو گی۔ میں ایک ذمہ دار شہری ہونے کے ناطے یہ چاہتی ہوں کہ اس منصوبے پر اسی طرح تیزی سے کام جاری رہے تاکہ پاکستان بھی ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں جگہ بناسکے۔
پنجاب حکومت نے پیر کو چھٹی کا اعلان کر دیا
Mar 28, 2024 | 17:38