لیسکو ریجن میں آج سے غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم، نیا شیڈول جاری
لاہور (نیوز رپورٹر+ این این آئی) صوبائی دارالحکومت سمیت ملک کے اکثر مقامات پر بجلی کا بحران جوں کا توں رہا۔ تعطیل کے باوجود شہری علاقوں میں 14سے 16جبکہ دیہی علاقوں میں 18سے 21گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی گئی۔ پانی کی قلت بھی شدت اختیار کر گئی، لوگ دوسرے علاقوں سے پانی بھر کر لانے پر مجبور ہو گئے، پانی کے لئے لائنوں میں لگے افراد نے جھولیاں اٹھا اٹھا کر حکمرانوں کو بدعائیں دیں۔ لاہور کے علاقہ محمد نگر‘ ٹھنڈی کھوئی‘ بیل احاطہ‘ گڑھی شاہو سمیت‘ باجا لائن‘ چونگی امرسدھو سمیت دیگر مقامات پر عوام نے لوڈشیڈنگ اور پانی کی قلت کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ دریں اثناءنگران وفاقی وزیر پانی وبجلی ڈاکٹر مصدق ملک نے گزشتہ روز اپنی زیر صدارت ملک بھر کی بجلی کی تقسیم کار کمپنیوںکے سربراہان اور دیگر اعلیٰ افسروں کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں بجلی کی پیداوار میں اضافے‘ نادہندگان سے وصولیوں اور بجلی چوری کے حوالے سے معاملات زیر بحث آئے۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹو لیسکو محمد سلیم کی طرف سے جبری لوڈشیڈنگ کے خاتمے کی درخواست پر بھی غور کیا گیا۔ وزیر پانی وبجلی نے یقین دہانی کرائی کہ آج سے لیسکو سمیت ملک بھر میں جبری لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ کر دیا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تھرمل اور بند یونٹس کو چالو کر کے بجلی کی پیداوار میں ایک ہزار میگاواٹ اضافہ کیا جائےگا۔ آج سے لیسکو کے شہری علاقوں میں 8 گھنٹے اور دیہی علاقوں میں 12 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہو گی۔ وزیر پانی و بجلی نے لیسکو اور آئیسکو کے ریکوری اور بجلی چوری کی روک تھام کے حوالے سے اقدامات کی تعریف کی اور دوسری کمپنیوں کو انکی تقلید کی ہدایت کی۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد سلیم نے نئے شیڈول کے حوالے سے تمام گرڈ اسٹیشن کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔ اگر کسی بھی گرڈ اسٹیشن پر شیڈول سے ہٹ کر لوڈ شیڈنگ کی گئی متعلقہ افسروں اور اہلکاروں کےخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ دریں اثناءچیف ایگزیکٹو لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی محمد سلیم نے نوائے وقت کو بتایا کہ بجلی کی پیداوار میں اضافے اور ادائیگیوں کی صورتحال بہتر ہونے پر فیصلہ کیا گیا ہے کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ آج سے ختم کر دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ آج (پیر) سے باقاعدہ لوڈشیڈنگ کا شیڈول بنا دیا گیا ہے جس کے تحت لاہور، شیخوپورہ، اوکاڑہ، ننکانہ، قصور میں 8 گھنٹے تک بجلی بند کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ لیسکو کے کنٹرول سنٹر میں سپیشل ڈیوٹی لگا دی گئی ہیں جہاں پر اس بات کو مدنظر رکھا جائے گا کہ کسی بھی علاقے میں فورس لوڈشیڈنگ نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمشن آف پاکستان کی ہدایت پر متعدد فیڈرز بجلی کی لوڈشیڈنگ سے مکمل متثنیٰ ہیں جہاں پر چھپائی کا کام ہو رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صارفین کو چاہئے کہ بجلی کے بحران کی صورتحال کے پیش نظر بجلی کی بچت کو یقینی بنائیں۔
لوڈشیڈنگ