شہباز شریف کے ایک دن میں 6، 7 جلسے مشہور گیت اکیلے نہ جانا بھی سنایا، جھلکیاں
٭سابق وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف ان دنوں ایک روز میں کئی کئی جلسوں سے خطاب کر رہے ہیں۔ وہ لاہور کے نواحی دیہات میں ہر روز دو تین جلسے کرنے کے علاوہ صوبے کے دور دراز علاقوں میں بھی جلسوں میں شرکت کرتے ہیں۔ گزشتہ روز انہوں نے لاہور کے بعد گوجر خان اور گوجرہ کے جلسوں میں خطاب کیا جہاں سے رات گئے واپسی پر وہ لاہور کے شہر کے انتخابی حلقوں میں خطاب کے لئے روانہ ہو گئے۔ شہباز شریف کی جلسوں سے خطاب اوسط روزانہ 6 سے 7 ہے۔ ٭محمد شہباز شریف رائیونڈ کے حلقے میں کئی جلسوں سے خطاب کے بعد یہاں گزشتہ رات ایک بجے کے بعد شاہدرہ پہنچے جہاں انہوں نے ایک بڑے جلسے سے خطاب کیا۔ سابق وزیراعلیٰ جلسے میں نوجوانوں کی تعداد اور جوش و جذبہ دیکھ کر بے حد متاثر ہوئے اور بڑی دیر تک ان کے ساتھ مل کر وزیراعظم نواز شریف کے نعرے لگاتے رہے۔ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر عوام کو مشہور گیت ”اکیلے نہ جانا“ بھی سنایا۔ انہوں نے یہ شعر پڑھتے ہوئے کہ دیا حوصلہ جس نے جینے کا مجھ کو وہ ایک خوبصورت سا احساس ہو تمعوام کی طرف اشارہ کیا تو جلسے میں شامل نوجوان مسرت سے جھوم اٹھے اور انہوں نے شہباز شریف زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔