الیکشن ملتوی کرانے کی سازشیں جاری ہیں، عوام 11 مئی کو تسبیح لیکر نکلیں: منور حسن
کراچی(ثناءنیوز+ نوائے وقت رپورٹ) جماعت اسلامی کے امیر سید منورحسن نے کہا ہے کہ کراچی میں بیداری کی لہر بیدار ہوچکی ہے‘ کراچی کے عوام بھتہ خوروں اور دہشتگردوں سے نجات کےلئے سر سے کفن باندھ کر نکل آئے ہیں۔ امریکا کے حامی خود کو لبرل کہہ رہے ہیں، یہ ملک لبرلز کےلئے نہیں بنا قرآن و سنت کی بالادستی کےلئے بنا ہے جنہیں لبرل بننے کا شوق ہے وہ اپنا نام اقلیتوں میں درج کرائیں۔ انتخابات کے التواءکی بات کرنے والے امریکی ایجنڈے پر چل رہے ہیں‘ عوام 11 مئی کو ہاتھ میں تسبیح لیکر نکلیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے باغ جناح میں جماعت اسلامی کراچی کے تحت جلسہ عام سے کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا متحدہ کس سے مطالبہ اور احتجاج کرتی ہے کہ اسے انتخابی مہم چلانے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ صوبے میں ان کا گورنر ہے اور وہ خود مسلسل اقتدار میں رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بھتہ خوری اور دہشتگردی اور بوری بند لاشوں سے نجات کےلئے 11 مئی کا دن مقرر کیا گیا ہے‘ ترازو کا نشان بھتہ خوروں کی شکست کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی صرف منی پاکستان نہیں منی عالم اسلام ہے۔ انہوں نے کہاکہ حیرت ہے کہ اے این پی کے پاس متحدہ کے خلاف بڑی چارج شیٹ موجود ہے لیکن آج وہ متحدہ کے ساتھ کھڑی ہے۔ اے این پی کو ہم پہلے ایک سیاسی جماعت سمجھتے تھے لیکن اے این پی نے اپنی دور حکمرانی میں جو کرتوت دکھائے ہیں وہ سب کے سامنے ہیں۔ اے این پی نے فوجی آپریشن کو جاری رکھنے کی مسلسل حمایت کی ہے۔ انہوں نے کہا جب 92 کراچی میں ملٹری آپریشن ہوا تھا تو ہم نے اس وقت بھی اس کی مخالفت کی تھی اور آج دیکھ لیں کہ اس آپریشن کا کیا نتیجہ نکلا۔ انہوں نے کہاکہ جب ہم دہشت گردی کے خلاف امریکی جنگ میں شامل ہوئے ہیں تو ملک میں حالات خراب ہوئے۔ ہم ڈرون حملوں کا شکار ہوئے۔ عوام اور فوج کے درمیان دوریاں پیدا ہوئیں۔ سید منور حسن نے کہا کہ کراچی میں بدامنی ملک کو تباہی کی طرف لے جائے گی۔ الیکشن ملتوی کرانے کی سازش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اسلام کی خاطر پاکستان میں اکٹھا ہوئے تھے۔ ہم نے پاکستان کیلئے قربانیاں دیں۔ کراچی میں بوری بند لاشوں کا کلچر کس نے متعارف کرایا، ملک میں امریکی مداخلت سے حالات زیادہ خراب ہوئے، عوام 11 مئی کو فیصلے کیلئے تیار ہو جائیں۔ بھتہ خوروں کو شکست دیں گے جنہوں نے دہشت گردی کو فروغ دیا وہ اپنے گریبانوں میں جھانکیں۔ روشنیوں کے شہر کراچی کو اندھیروں میں دھکیل دیا گیا۔ 5 سال کے دوران سیاہ سفید کے مالک کس منہ سے مظلوم بن رہے ہیں۔ یہ ملک اسلام کے نام پر بنا تھا، حفاظت کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ اے این پی نے خیبر پی کے میں لوٹ مار کی اور پی پی کا ہر سیاہ و سفید میں ساتھ دیا۔ کراچی لوگوں کیلئے روزگار کمانے کا ذریعہ ہے لیکن امریکی اور بھارتی ایجنٹوں نے کراچی کا امن برباد کر دیا گیا۔ ہجرت کر کے پاکستان آنے والوں نے لبرل بننے کیلئے قربانی نہیں دی تھی۔