لوئر دیر : 90 ہزار جعلی بیلٹ پیپرز برآمد‘ ڈرائیور سمیت 3 افراد گرفتار
لوئر دیر (نوائے وقت نیوز) چکدرہ میں پولیس نے ناکہ بندی کر کے 90 ہزار بیلٹ پیپرز برآمد کرلئے۔ ڈی آئی جی مالاکنڈ کے مطابق پولیس نے بیلٹ پیپرز قبضے میں لے لئے۔ پولیس نے ڈرائیور سلیمان سمیت 2 ملزمان اعزاز الحق اور حبیب اللہ گرفتار کرلیا اور ملزمان کیخلاف دفعہ 419، 468، 420 اور 471 کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔ برآمد کئے گئے بیلٹ پیپرز پر الیکشن کمشن کی مہریں نہےں لگی ہوئی تھیں۔ لوئر دیر سے ملنے والے جعلی بیلٹ پیپرز کی پولیس رپورٹ الیکشن کمشن کو مل گئی۔ پولیس رپورٹ کے مطابق جماعت اسلامی کی جانب سے ووٹرز کی تربیت کیلئے بیلٹ پیپرز چھاپے گئے تھے۔ وہ تمام بیلپ پیپرز ڈمی تھے اور قبضے میں لئے گئے بیلٹ پیپرز کا مقصد الیکشن کے روز استعمال کرنا نہیں تھا۔ اے پی پی کے مطابق بیلٹ پیپرز پر این اے 34 اور پی کے 94 سے 97 تک کے تمام امیدواروں کے انتخابی نشان درج تھے۔ دریں اثنا عوامی نیشنل پارٹی نے کہا ہے کہ لوئر دیر میں جن اساتذہ سے 90 ہزار بیلٹ پیپرز برآمد ہوئے ہیں ان میں سے ایک جماعت اسلامی کا رکن ہے جعلی بیلٹ پیپرز کی برآمدگی تشویشناک واقعہ ہے۔ برطرف کرکے اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ ترجمان اے این پی نے الیکشن کمشن سے مطالبہ کیا کہ لوئر دیر سے جماعت اسلامی کے امیدوار کو نااہل قراردیا جائے۔