پاکستان اور افغانستان کا نئے امریکی نمائندہ کے تقرر پر اتفاق
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے گزشتہ روز پاکستان اور افغانستان کے لیڈروں سے فون پر بات چیت کرکے انہیں بتایا ہے کہ امریکہ نے ایک تجرہ کار سفارت کار جیمز این ڈینزکو پاکستان اور افغانستان کے لئے خصوصی نمائندہ مقرر کردیا ہے۔ امریکی سفارت خانہ کی طرف سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ کی پاکستان اور افغانستان کے ساتھ گہری اور طویل رفاقت ہے۔ امریکی سفارت خانہ کے مطابق پاکستان اور افغانستان کی قیادت نے جیمز این ڈینز کی تقرری سے اتفاق کرلیا ہے۔ سفارت خانہ کے مطابق پاکستان اور افغانستان دونوں ایک اہم دور سے گزررہے ہیں۔ پاکستان میں نئے انتخابات ہونے میں چند روز باقی ہیں اور افغانستان میں بھی سیاسی‘ معاشی اور سلامتی کے اعتبار سے ایک اہم سفر جاری ہے۔ پاکستان اور افغانستان کے لئے خصوصی نمائندہ جیمز این ڈینز کی کوشش ہو گی کہ اس خطے میں تصادم کو پرامن طور پر ختم کیا جائے۔ وہ علاقائی لیڈروں اور بین الاقوامی برادری سے بھی اس سلسلے میں مسلسل رابطے میں رہیں گے۔ پاکستان اور افغانستان کے لئے نئے امریکی نمائندہ طالبان کی حکومت کے خاتمے کے بعد افغانستان سفارتی ذمہ داریاں ادا کر چکے ہیں۔ انہوں نے بون کانفرنس میں بھی امریکہ کی نمائندگی کی تھی۔ 2001ءمیں انہوں نے کابل میں امریکی سفارت خانہ پر پرچم لہرایا تھا جب طالبان کی حکومت کے بعد کابل میں امریکی سفارت خانہ دوبارہ کھلا تھا۔
امریکی نمائندہ