زبیر احمد ظہیر نے جماعت کی پالیسیوں کےخلاف علم بغاوت بلند کر دیا
لاہور (خصوصی نامہ نگار) مرکزی جمعیت اہلحدیث کے نائب امیر اور اسلامی نظریاتی کونسل کے ممبر علامہ زبیراحمد ظہیر نے اپنی جماعت کی پالیسیوں کے خلاف علم بغاوت بلند کرتے ہوئے کہا ہے کہ کروڑوں کارکنوں پرمشتعمل مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے تشخص کو ختم کرکے اپنی ایک سیٹ کو بچانے کے لئے (ن) لیگ کے نشان پر الیکشن لڑنا اور انہیں ووٹ دینا بالکل غلط ہے میں اس کی مخالفت کرتا ہوں، ملک میں حقیقی احتساب خلافت راشدہ کے نظام کے نفاذ سے ہی ممکن ہے گذشتہ روز ”سیرت ابو بکر صدیقؓ“ کے موضوع پر لاہور پریس کلب میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر مرکزی جمعیت اہلحدیث لاہور کے امیر رانانصراللہ خان، مولانا طارق یزدانی مولانا عبدالخبیر آزاد پی ڈی پی کے رہنما عبدالرشید قریشی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ خلفائے راشدین کے دور کے نظام کے نفاذ سے ہی ملک بحرانوں سے آزاد ہو سکتا ہے انہوں نے کہا کہ سادگی کفایت شعاری اور عوام کی خدمت نظام مصطفی کی خصوصیات ہیں۔