سیاسی جماعتیں عوامی مسائل کے حل کا ایجنڈا دیں
11مئی کو دعوﺅں نہیں کارکردگی پر فیصلہ ہوگا ملک کو مسائل اور بد امنی سے نکلنا ہوگا۔نواز شریف۔ پراپیگنڈہ کرنے والوں کو الیکشن کے دن ہماری عوامی طاقت کا پتہ چل جائے گا، امیدوار انتخابی مہم پر بھرپور توجہ دیں۔ بلاول بھٹو زرداری۔ امریکہ نے ڈرون طیارے بھیجے تو پاک فضائیہ کو گرانے کا حکم دوں گا۔زرداری اور فضل الرحمن کے ہوتے ہوئے کسی کو یہودی سازش کی ضرورت نہیں عمران خان کا انتخابی جلسوں سے خطاب۔ملک بھر میں سیاسی جلسوں اور جلوسوں کا سلسلہ عروج پر ہے اور ہمارے تمام سیاسی قائدین ان جلسوں کو اپنے پُر جوش خطابات سے گرما رہے ہیں جس سے الیکشن مہم میں خاصی گرما گرمی پیدا ہوگئی ہے۔ بدقسمتی سے یہ گرما گرمی بیان بازی اور الزام تراشی تک محدود ہے صرف برسر اقتدار آکر یہ کردیں گے وہ کردیں گے دعو ے کیے جارہے ہیں، ابھی تک قوم کو درپیش مسائل کے حوالے سے کسی بھی سیاسی جماعت نے اپنا واضح ایجنڈا قوم کے سامنے پیش نہیں کیا۔صرف مخالفین کو بدنام کرنے کیلئے سارا زور لگایا کیا جارہا ہے۔ گرانی،لوڈشیڈنگ،بیروزگاری،غیر ملکی قرضے اور کرپشن وغیرہ کے خاتمے کا اعلان سب کر رہے ہیں مگر ان مسائل کے حل کیلئے اور ان مسائل کے ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے کسی بھی جماعت نے کوئی پروگرام ابھی تک عوام کے سامنے پیش نہیں کیا۔ عوام منتظر ہیں کہ یہ جماعتیں اپنا حقیقی ایجنڈا سامنے لائیں ورنہ وہ یہ سمجھنے میں حق بجانب ہوں گے ان مسائل کے اصل ذمہ دار تو ان جماعتوں میں بیٹھے ہیں اور یہ جماعتیں ان کو تحفظ دے رہی ہیں۔