نگہبان رمضان پیکج مریم نواز کی عوام دوستی کا ثبوت: عظمیٰ بخاری

Mar 06, 2025

شیخوپورہ (نمائندہ نوائے وقت) صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی طرف سے 30 ارب روپے کے نگہبان رمضان پیکج سے کم آمدن والے 30لاکھ گھرانوں کو پنجاب کے 18ہزار سے زائد مختص کردہ پوائنٹس پر 10ہزار روپے فی خاندان مالی امداد کی فراہمی کا اقدام ان کی عوام دوستی و اسلام پسندی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اس امدادی رقم کی فراہمی میں شفافیت لانے کیلئے کڑے اقدامات اٹھائے کئے گئے ہیں۔ رقوم میں کٹوتی کرنے والے عناصر کے خلاف متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنر و ڈی پی اوز کارروائی کے مجاز ہوں گے۔ تاجروں کے تعاون سے رمضان سہولت بازار سے بھی عام آدمی کو بڑا ریلیف ملے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی انجمن تاجران کے صدر امجد نذیر بٹ سے ملاقات میں کیا، اس موقع پر سید واجد بخاری، عامر خان، مرتضیٰ قریشی اور دیگر موجود تھے۔ صدر مرکزی انجمن تاجران امجد نذیر بٹ نے صوبائی وزیر کو شیخوپورہ میں سہولت بازاروں کی صورت حال کے حوالے سے آگاہ کیا اور بتایا کہ تاجر برادری رضا کارانہ طور پر اشیاء خورد و نوش کے نرخوں میں کمی کر کے حکومت کی طرف سے ملنے والی ہدایات کو بھی سپوٹ کر رہی ہے جس پر صوبائی وزیر نے اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ مہنگائی کا خا تمہ، روزگار کے مواقع پیدا کرنا، زراعت، تعلیم، صحت سمیت مختلف شعبوں میں اصلاحات حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔

مزیدخبریں