ڈیجیٹل ترقی میں سازگار ریگولیٹری ماحول فراہمی کیلئے پرعزم :چیئرمین پی ٹی اے

Mar 06, 2025

اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت) چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی میجر جنرل (ریٹائرڈ) حفیظ الرحمن نے جی ایس ایم اے موبائل ورلڈ کانگریس 2025میں ایشیا پیسفک میں ڈیجیٹل نیشنز‘  سٹریٹجک پالیسی اور تعاون کے ذریعے ڈیجیٹل ٹرسٹ کا تحفظ کے عنوان پر اعلی سطحی گول میز کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ اس خصوصی فورم میں ایشیا پیسفک کے وزراء اور ریگولیٹری سربراہان نے ڈیجیٹل اعتماد سے متعلق چیلنجز اور مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔چیئرمین پی ٹی اے نے ریگولیٹری ہم آہنگی، سائبر سیکیورٹی کے تحفظ اور سرحد پار تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اے آئی کے ذریعے فراڈ سے بچاؤ ، سٹریٹجک پالیسیوں اور عوامی و نجی شراکت داری کو محفوظ ڈیجیٹل ایکو سسٹم کے عوامل میں بنیادی امر قرار دیا۔ اجلاس میں پائیدار ڈیجیٹل انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری پر بھی گفتگو کی گئی۔چیئرمین پی ٹی اے نے پاکستان کو ایشیا پیسفک کی ڈیجیٹل تبدیلی میں ایک متحرک شراکت دار کے طور پر پیش کیا۔

مزیدخبریں