معاشی ترقی کیلئے خواتین کو بزنس کے مواقع فراہم کررہے ہیں: مسز رومانہ تنویر
ملتان ( لیڈی رپورٹر )ایوان تجارت و صنعت ملتان کی سابق سینئر نائب صدر اور چیئرپرسن ویمن ونگ مسز رومانہ تنویر شیخ نے کہا ہے کہ خواتین کو بزنس کے مواقع فراہم کررہے ہیں تاکہ وہ معاشی ترقی میں اپنا کردارادا کرسکیں جس سے غربت اور بے روزگاری کی شرح کم ہو گی۔ اسلام آباد میں 13 اور14مارچ کو ہونے والی نمائش میں بھرپور شرکت کی جائے گی ۔بزنس ویمن تیاری کریں ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم سی سی آئی میں ویمن ونگ کی منعقدہ میٹنگ میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ میٹنگ میں ویمن ممبر مجلس عاملہ ایوان مسز رابعہ شہزاد،شازیہ ہاشمی،طاہرہ،شہناز،سبین،مسز عدیل،محمد عدیل،عبدالرحمٰن اور سیکرٹری ایوان محمد شفیق نے شرکت کی۔ میٹنگ میں اسلام آباد میں ہونے والی نمائش میں شرکت کے حوالہ سے مشاورت اور تجاویز پر غور کیا گیا۔ مسز رابعہ شہزاد نے خواتین کو نمائش میں سٹالز لگانے کے حوالہ سے ہدایات دیں۔مسز رومانہ تنویر شیخ نے کہا کہ ملتان ایوان کی جانب سے ویمن ونگ کی ممبران بوتیک، گارمنٹس،جیولری اوربلیو پوٹری کے سٹالز لگا کر خطّہ کی نمائندگی کریں گی جس سے ان کی تیارکردہ مصنوعات نمائش کے ذریعے اُجاگر ہوںگی۔