منڈیوں کی شہر سے باہر منتقلی کیلئے عملی کام کا آغاز
ملتان (خبر نگار خصوصی) حکومت پنجاب کی ہدایت پر منڈیوں کی شہر سے باہر منتقلی کا عملی آغاز کردیا گیا ہے۔اس سلسلے میں اجلاس کمشنر آفس میں منعقد ہوا جس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر ملتان ڈویڑن جاوید اختر محمود نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے منڈیوں کو شہر سے باہر منتقل کرنے کا ٹاسک دیا ہے۔900 کنال سے زائد اراضی پر منڈیاں منتقل کی جائیں گی۔پہلے مرحلے میں لوہا مارکیٹ، غلہ منڈی، شہر سے باہر منتقل ہوں گی۔منڈیوں کے ساتھ ٹرک پوائنٹ بھی باہر منتقل کیا جائے گا۔کمشنر ملتان نے ایم ڈی اے کو منڈیوں کی منتقلی بارے ورکنگ کا ٹاسک دیتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی ایکٹ 1976 کے تحت شہر کی ترقی ایم ڈی اے کا سبجکٹ ہے۔منڈیوں، ٹرک سٹینڈ کی منتقلی میں کلیدی کردار ایم ڈی اے کا ہوگا۔ایم ڈی اے زمین کی لیز یا ملکیتی حصول بارے کمشنر آفس ریفرنس بھیجے جسے کمشنر آفس کی جانب سے بورڈ آف ریونیو بھجوایا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی تاجروں سے مثبت ہم آہنگی باعث تحسین ہے۔ شہر کے حسن کو بحال، رش کے خاتمے کیلئے منڈیوں کی منتقلی اشد ضروری ہے۔ اس موقع پر ڈی سی ملتان عامر خٹک، ڈی جی ایم ڈی اے آغا علی عباس نے کمشنر کو بریفنگ بھی دی۔ڈی سی ملتان عامر خٹک نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ تاجروں سے مسلسل رابطے میں ہے۔منڈیوں کی منتقلی سے شہر کے انفراسٹرکچر میں بہتری آئے گی۔ ڈی جی ایم ڈی اے آغا علی عباس نے کہا کہ نء منڈیوں کا ڈیزائن جدید خطوط پر بنایا جائے گا۔اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ وقاص خان خاکوانی، سی او کارپوریشن اقبال فرید، ڈائیریکٹر لوکل گورنمنٹ فاروق ڈوگر،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر طیب خان،اسسٹنٹ کمشنر مبشر الرحمن،متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔